جے ڈی یو نے منجو ورما کو بیگوسرائے ضلع سے امید وار بنایا ہے، مظفر پور شلیٹر ہاؤس میں منجو ورما کا نام سامنے آنے کے بعد انہیں وزارت کے عہدے سے استعفی دینا پڑا تھا، فی الحال وہ ضمانت پر رہا ہیں۔
منجو ورما کو امیدوار بنائے جانے پر کانگریس اور آر جے ڈی نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ' نتیش کمار اور بی جے پی اگر واقعی خواتین اور لڑکیوں کی تحفظ پر سنجیدہ ہیں تو انہیں منجو ورما کی امیدواری فوری طور پر واپس لینی چاہیے۔
واضح رہے کہ مظفر پور شیلٹر ہوم میں 31 مئی سنہ 2018 کو بچیوں کے ساتھ جنسی استحصال کا معاملہ سامنے آیا تھا، جس کے بعد منجو ورما کو اپنے وزاتی عہدے سے استعفی دینا پڑا تھا۔ اس وقت پارٹی نے انہیں معطل بھی کردیا تھا، لیکن جے ڈی یو کی جانب سے امیدواری کے بعد اب یہ سوال ذہن میں آرہا ہے کہ کیا نتیش کمار کو کچھ فرق نہیں پڑتا یا وہ اپنی مفاد کے لیے کسی بھی حد تک گر سکتے ہیں۔
مظفر پور شیلٹر ہوم جنسی زیادتی کیس کے دوران منجو ورما کے گھر پر جب چھاپہ مارا گیا تو اس کے گھر سے اسلحہ اور کارتوس برآمد ہوئے تھے۔ اس معاملے میں منجو ورما اور ان کے شوہر چندرشیکھر ورما کو جیل بھی جانا پڑا۔ تاہم بعد میں وہ ضمانت پر رہا ہوگئے۔ اس وقت نتیش کمار نے منجو ورما سے دوری بنالی تھی۔ کچھ دنوں قبل منجو ورما اور نتیش کمار کی ملاقات کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں۔
جے ڈی یو صدر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منجو ورما نے کہا تھا کہ سب کچھ طے ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ جس کام کے لیے آئی تھی وہ ہو گیا ہے۔ یعنی نتیش کمار نے انہیں اس وقت ٹکٹ دینے کی یقین دہانی کرائی تھی اور اب ان کا اعلان کردیا گیا ہے۔