پٹنہ کے سبزی باغ میں واقع انجمن اسلامیہ ہال کی دیدہ زیب عالیشان کثیر منزلہ عمارت کی تعمیر کا کام مکمل ہو گیا۔ انجمن اسلامیہ ہال کے کانفرنس ہال میں منعقد ایک سادہ تقریب میں محکمہ تعمیرات نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی موجودگی میں آج بہار سنی وقف بورڈ کے چیئرمین الحاج ارشاد اللہ کے سپرد کر دیا۔ اب سے اس عمارت کی نگرانی بہار وقف بورڈ کرے گی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے علاوہ چیف سکریٹری عامر سبحانی، پٹنہ کمشنر کمار روی، شیعہ وقف بورڈ کے چیئرمین سید افضل عباس، خانقاہ منعمیہ میتن گھاٹ کے سجادہ نشیں مولانا شمیم منعمی، پٹنہ وقف بورڈ کے ضلع صدر عبدالباقی وغیرہ بھی موجود تھے۔
اس موقع پر نتیش کمار نے کہا کہ انجمن اسلامیہ ہال کی تاریخی حیثیت رہی ہے، یہ وہ جگہ ہے جو مجاہدین کی آماجگاہ رہی ہے، یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ اسے ازسر نو تعمیر کرایا گیا ہے، اس کی عالیشان عمارت نہ صرف بہار بلکہ قومی سطح پر وقف ماڈل کے نام سے جانا جائے گا، اس چھ منزلہ عمارت میں شادیات کے علاوہ اقلیتی طبقہ کے بچوں کو مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری بھی کرائی جائے گی، ہماری ترجیحات میں تعلیم سب سے اوپر شامل ہے، اس لئے آنے والے دنوں میں انجمن اسلامیہ ہال تعلیم کا ہب بھی بنے گا اس کے لئے کئی منصوبوں پر غور کیا جا رہا ہے۔
بہار سنی وقف بورڈ کے چیئرمین الحاج ارشاد اللہ نے کہا کہ اس تاریخی عمارت کی تعمیر نو پر 55 کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ ہوئی ہے، یہ عمارت دراصل وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے خواب کی شرمندہ تعبیر ہے جسے انہوں نے چند سال قبل دیکھا تھا، انہوں نے مزید کہا کہ نتیش کمار واحد ایسے وزیر اعلیٰ ہیں جنہوں نے بلا تفریق کام کیا ہے، بالخصوص اقلیتوں کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے ان کے جو منصوبے ہیں وہ غیر معمولی ہے، ایسے وزیر اعلیٰ ملک بھر نہیں ہے۔
مزید پڑھیں:Anjuman-e-Islamia Hall Patna: انجمن اسلامیہ ہال کی تعمیراتی سرگرمیاں مکمل، چیئرمین سنی وقف بورڈ
مولانا شمیم منعمی نے کہا کہ یہ وزیر اعلیٰ نتیش کی جانب سے بہار کی عوام کو ایک بڑا تحفہ ہے جسے بیرون ریاست سے بھی لوگ اس عمارت کی حسن کو دیکھنے آئیں گے. اس کثیر منزل عمارت میں مختلف منصوبوں کے تحت طلباء کی تعلیم کا بھی انتظام کیا جائے گا. عبدالباقی نے کہا کہ نتیش کمار سیکولر مزاج کے ایسے وزیر اعلیٰ ہیں جو کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔