متنازعہ قانون کے خلاف امارت شرعیہ بہار نے ریاست کی 34 ملی و سیاسی تنظیموں کے ساتھ مل کر آئندہ 25 جنوری کو انسانی زنجیر و اس مہم میں شامل ہونے اور 29 جنوری کو بھارت بند میں ساتھ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قانون کے خلاف جتنی بھی تحریک ہے امارت شرعیہ ان کے ساتھ ہے۔
امارت شریعہ کے قائم مقام ناظم مولانا شبلی القاسمی نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی ملاقات میں کہا کہ ہماری تشہیر کا مقصد یہ ہے کہ جو 34 سیاسی و ملّی جماعتوں کی کل جماعتی میٹنگ ہے اور بائیں بازو کی جماعتوں کے ذریعہ 25 جنوری کو انسانی زنجیر بنائی جا رہی ہے اس میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت ہو اور اسے تحریک کی شکل دی جا سکے۔ ساتھ ہی 29 جنوری کو بھارت بند میں بھی ہم بڑھ چڑھ کر ان کا ساتھ دیں گے۔ اس میٹنگ میں تمام سیکولر سیاسی جماعتوں نے بھی ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔