بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے پٹنہ سیٹی میں گرو گوبند سنگھ جی مہاراج کے 353 ویں پرکاش پرور پر تخت شری ہرمندر جی احاطہ میں منعقدہ پروگرام میں ’واہے گروجی کی خالصہ، واہے گروجی کی فتح‘ سے اپنے خطاب کی شروعات کرتے ہوئے کہا کہ گرونانک دیوجی، گروگوند سنگھ جی نے سماج میں محبت وبھائی چارہ اور اتحاد کا پیغام دیا ہے۔ سب کو مل جل کر بھائی چارہ کے ساتھ رہنا چاہئے۔ ایک دوسرے کے تئیں عزت واحترام کا جذبہ رکھنا چاہئے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ 353ویں پرکاش گروپرو منایا جارہا ہے۔ گروگوبند سنگھ جی مہاراج کی پیدائش اسی سرزمین پر ہوئی ہے اس لیے ہمارا فرض ہے کہ سکھ عقیدت مندوں کی خدمت کریں۔ ہم سب کی دعا ہے کہ گروگووندسنگھ جی مہاراج کا آشرواد دنیا کو ہمیشہ ملتا رہے ہم سب پر ہمیشہ ان کی کرپا بنی رہے۔
مسٹر کمار نے کہا کہ راجگیر میں گرونانک دیو جی مہاراج کے 550 ویں پرکاش گرو پرو کا انعقاد 27 سے 29 دسمبر 2019 تک کیا گیا جس میں لاکھوں کی تعداد میں ملک اور ملک کے باہر سکھ عقیدت مند آئے وہاں کے مقامی لوگوں اور بہار حکومت کی طرف سے جو کچھ بھی ممکن ہوا کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ گرونانک دیو جی مہاراج کے پرکاش گرو پروکا انعقاد راجگیر میں ہر سال کیاجائے گا۔ اس سال گروگوند سنگھ جی مہاراج کا 353 واں پرکاش گروپرو اور گرو نانک دیو جی مہاراج کا 550 واں پرکاش گروپرو کے لیے وقت قریب قریب تھا۔ دونوں پرکاش پرو کے آس پاس رہنے سے پہلے عقیدت مند راجگیر میں آسکیںگے اور اس کے بعد پٹنہ کے پروگرام میں بھی آسانی سے شامل ہوسکیںگے۔
مسٹر کمار نے کہا کہ یہاں کئی گرودوارے ہیں جن کی اپنی اپنی خصوصیات ہے۔ گائے گھاٹ کی بھی اپنی اہمیت ہے ، بال لیلا گرودوار اکی بھی خصوصی اہمیت ہے ۔ گرودوارہ گروپ کا باغ کی بھی اپنی خاصیت ہے جہاں گرو گوند سنگھ جی کی پہلی ملاقات اپنے والد گرو تیغ بہادر سے ہوئی تھی۔
یہ جگہ خشک تھی لیکن گرو تیغ بہادر جی کے آنے کے بعد یہ باغسبز ہو گیا۔ کنگن گھاٹ میں بھی گرو گوند سنگھ جی جاتے تھے۔ وہاں بھی نیا گرودوارہ بنایا گیا ہے جس کی نئی عمارت کا افتتاح ہو گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پرکاش پرو کے انعقادکو کامیاب بنانے میں سماج کے ہر طبقے کا تعاون ہے۔ لنگر میں جس طرح سے کھانے کا انتظام سب کیلئے رہتاہے اتنا مزیدار کھانہ امیر لوگ اپنے گھر میں بھی نہیں بناپاتے ہیں۔
مسٹر کمارنے کہاکہ بہار میں ماحولیات کے لئے جل ۔ جیون۔ ہریالی مہم چلائی جارہی ہے ۔ ایک طرف جل ہے ، ایک طرف ہریالی ہے تبھی زندگی محفوظ رہے گی ۔ آبی تحفظ کو یقینی بناناہے اور ہریالی کو فروغ دینا ہے تبھی آنے والی نسلوں کو محفوظ رکھا جاسکتاہے ۔ سب کو ماحولیات کے تحفظ کیلئے مل جل کر کام کرنا ہوگا ۔
پروگرام کو سڑک تعمیرات کے وزیر نند کشور یادو ، رکن پارلیمنٹ بل بندر سنگھ پندر ، رکن پارلیمنٹ پریم سنگھ چندو مہاراج ، شرومنی گرودوارہ مینجمنٹ کمیٹی دہلی کی چیئر پرسن رنجیت کور ، تخت شری ہر مندر جی مینجمنٹ کمیٹی کے صدر سردار اوتار سنگھ جی ، بابا بلبیر سنگھ نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر جتھے دار اندرجیت سنگھ جی ، جتھے دار مہندر سنگھ جی ، بابا کشمیر سنگھ جی بھوری والے ، گیانی رنجیت سنگھ گوہر ، جتھے دار اوتار سنگھ ، بابا مہندر پال سنگھ ڈھلن ، وزیراعلیٰ کے مشیر انجنی کمار سنگھ ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری چنچل کمار سمیت مختلف محکمہ کے سکریٹری ،سمیت بڑی تعداد میں عقیدت مندموجود تھے ۔