شہر گیا میں رمضان اور نوراترای کی وجہ سے خریدو فروخت میں اضافہ ہو اہے، خاص طور پر پھل اور کچن کے سامانوں کی خریداری بڑھی ہے۔ کیونکہ رمضان اور نوراتری دونوں تہواروں میں پھل اور کچن کے سامانوں کی فروخت بڑھ جاتی ہے۔
عام دنوں کے بنسبت پھلوں کی فروخت میں 10 فیصد اضافہ دیکھا جا رہا ہے، سیب، سنترہ، تربوز، خربوز، انگور اور انارجیسے پھلوں کی فروخت سب سے زیادہ ہو رہی ہے. پھل منڈیوں کے دکانداروں کے مطابق اس برس روزانہ چالیس سے پچاس لاکھ روپے کی تجارت ہو گی، مطالبہ بڑھنے کی وجہ سے پھلوں کی قیمت بھی اچانک سے بڑھی ہے۔
پھل منڈی کے ایک تاجر وکی کمار نے کہا کہ' رمضان اور نوراتری کی مارکیٹ میں روزانہ پچاس گاڑی پھل کی کھپت ضلع میں ہے، لیکن مطالبہ بڑھنے کے باوجود باہر سے پھلوں کی سپلائی زیادہ نہیں ہے جس کی وجہ سے قیمت بھی بڑھی ہے، حالانکہ انہوں نے کہا کہ رمضان میں جس طرح سے روزہ داروں کا ہجوم پھل منڈیوں میں ہوتا تھا وہ کورونا کی وجہ سے 2020 سے دیکھنے کو نہیں مل رہا ہے، اس مرتبہ موجودہ حالات کے پیش نظر تجارت کچھ زیادہ ہونے کی توقع نہیں ہے۔ انہوں نے پھلوں کی قیمت میں اضافے کے پیش نظر کہا کہ اسٹاک تو ہے لیکن سپلائی باہر کی زیادہ نہیں ہے اس کے باوجود رمضان اور نوراتری، چیتی چھٹھ ایک ساتھ آگئے ہیں ایسے میں قیمت بڑھنا لازمی ہے۔
پھل خریدار شعیب انصاری نے کہا کہ' چونکہ رمضان کا مبارک ماہ سایہ فگن ہے، ہر کسی کی یہی خواہش ہوتی ہے کہ اس کے دسترخوان پر افطار میں پھل ضرور ہوں لیکن مہنگائی اور کورونا وبا کے اثرات نے اس پر بھی گہرا اثر چھوڑا ہے۔ جو پھل چالیس پچاس روپے کلو کچھ دن قبل تھے وہ آج سو روپے سے زیادہ کی قیمت پر فروخت ہورہے ہیں۔ انہوں نے پھل مہنگے ہونے کی وجہ کورونا کے ساتھ دو تہوار رمضان اور نوراتری اور چیتی چھٹھ کا ایک ساتھ ہونا بتایا ہے۔
محمد کاشف رضا نے کہا کہ' مہنگائی نے کمر توڑ دی ہے کورونا وبا کے پھیلنے کا خطرہ بھی مسلسل بڑھا ہے جس کی وجہ سے سبھی چیزیں آہستہ آہستہ مہنگی ہورہی ہیں۔
واضح رہے کہ شہر گیا میں پھلوں کی خوردہ قیمت تین سو روپے کلو تک پہنچ چکی ہے، جیسے انار 160 تا 270 روپے فی کلو، سنترہ 160 روپے کلو، انگور 80 روپے سے 120 روپے کلو تک، کیلا 60 روپے درجن، تربوز 50 تا 60 روپے کلو، آم 80 تا 250 روپے کلو، امرود 100 روپے کلو، پپیتا 40 تا60 روپے کلو تک فروخت ہورہے ہیں جبکہ دس اپریل تک 120 سے 160 روپے کلو انار فروخت ہورہے تھے۔ اسی طرح انگور اب چالیس روپے سے بڑھ کر اب سو روپے کلو ہوگئے ہیں۔