ریاست بہار کے کیمور ضلع میں لاک ڈائون کے دوران کورونا وائرس کی ڈیوٹی میں گھر گھر سروے پر معمور ایک ڈاکٹر کی برین ہیمریج سے موت ہو گئی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ ڈاکٹر اپنی ڈیوٹی کو انجام دے کر گھر واپس آئے اور اچانک انکی طبیعت خراب ہونے پر کنبہ کے لوگ انہیں وارانسی لے گئے جہاں علاج کے دوران برین ہیمرج کی وجہ سے انکی موت ہوگئی۔
فوت ہونے والے ڈاکٹر کی شناخت موہنیاں پولیس اسٹیشن علاقہ کے بریج گاؤں کے رہائشی ڈاکٹر نریندر پرتاپ سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔ جو موہنیاں سب ڈویژنل ہسپتال میں بطور ڈاکٹر تعینات تھے۔
نمائندے کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کے دوران ڈاکٹر نریندر پرتاپ سنگھ کی ذمہ داری تھی کہ وہ سروے کے لئے گاؤں گاؤں جا کر ہو رہے گھر گھر سروے کا معائنہ کریں۔
بتایا جا رہا ہے کہ جمعرات کو سروے کرانے کے بعد ڈاکٹر واپس آتے ہوئے موہنیاں سب ڈویژنل ہسپتال میں ان کی طبیعت خراب ہوگئی۔ تھوڑی دیر کے بعد کچھ افاقہ ہونے کے بعد وہ گھر روانہ ہوئے جہاں ڈاکٹر کی طبیعت مزید بگڑ گئی۔
کیمور میں علی الصبح ڈاکٹر کی لاش کو سب ڈویژنل اسپتال لایا گیا جس کے بعد انکی لاش کو آخری رسومات کے لیے انکے آبائی گائوں بریج روانہ کی گئی۔