بہار اسمبلی انتخابات 2020 کے لیے ریاست بھر میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ اسی طرح روہتاس میں بھی سیاسی جماعتوں کے امیدوار اپنے اپنے حلقے میں انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ لیکن سہسرام اسمبلی حلقہ کے امیدواروں کو عوام سے ووٹ مانگنا مہنگا پڑ سکتا ہے۔ عوامی نمائندوں کی ترقی کے کھوکھلے وعدے سے گاؤں کے باشندوں میں کافی ناراضگی ہے۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے وہ اس بار ووٹ مانگنے والے کسی بھی سیاسی رہنما کو گاؤں میں داخل نہیں ہونے دیں گے۔
یہ تصویریں سہسرام اسمبلی حلقہ کے امرا تالاب بھونپورا روڈ روٹ کی ہیں۔ اس سڑک کو دیکھ کر یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ گڈھے میں سڑک ہے یا سڑک میں گڈھا ہے، تاہم ناراض گاؤں والے سڑک پر جمے پانی میں بیٹھ کر احتجاج کر رہے ہیں اور تین روزہ گاؤں یاترا شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے مہاپنچایت کا اہتمام کیا جائے گا۔
مقامی باشندہ کالیکا پرساد نے بتایا کہ ضلع ہیڈکوارٹر ساسرام سمیت تقریبا 50 گاؤں کو جوڑنے والی امرا تالاب بھونپورا سڑک گذشتہ 40 برسوں سے خستہ حالی کا شکار ہے ہے۔ سڑک کی حالت اس قدر خراب ہے کہ یہاں گاڑی سے سفرکرنا تو دور پیدل سفرکرنا بھی مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ 40 ہزار کی آبادی والے اس گاؤں تک جانے والی سڑک کے تعلق سے انہوں نے ایم ایل اے اشوک کمار اور ایم پی چھیدی پاسوان سے کئی دفعہ ملاقات کی ہے لیکن کسی نے بھی اس طرف توجہ نہیں دی۔
گاؤں کی نرملا دیوی نے کہا کہ ہر انتخابات میں سیاسی رہنما سڑک کی تعمیر کی یقین دہانی کرتے ہیں۔ گاؤں کے لوگ بھی یقین دہانی کروانے والوں کو ووٹ دیتے ہیں، لیکن انتخابات جیتنے کے بعد کوئی سڑک دیکھنے نہیں آتا ہے۔ دیہاتیوں نے کہا کہ عوامی نمائندے جو ووٹ مانگنے آتے ہیں وہ صرف یقین دہانی کراتے ہیں۔ 40 برس گزر جانے کے بعد بھی آج تک اس سڑک کی تصویر نہیں بدلی، لہذا اس بار نوجوانوں نے عزم کیا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں ہوجاتے، وہ کسی بھی رہنما کو اس حلقے میں داخل نہیں ہونے دیں گے۔
بتائیں کہ بی جے پی کے جواہر پرساد ساسرام اسمبلی حلقہ سے پانچ بار ایم ایل اے رہ چکے ہیں۔ وہیں موجودہ ایم ایل اے اشوک کمار آر جے ڈی کے بجائے جے ڈی یو کے ٹکٹ پر انتخابی میدان میں ہیں۔ ایل جے پی سے رمیشور چورسیا بھی انتخابی میدان میں ہیں۔ آر جے ڈی نے نیا چہرہ راجیش گپتا کو میدان میں اتارا ہے۔