پٹنہ: اسمبلی اجلاس کے دوسرے روز ایک دلچسپ سیاسی معاملہ سامنے آیا۔ عظیم اتحاد کی جانب سے آر جے ڈی کے اودھ بہاری چودھری نے اسمبلی اسپیکر کے عہدے کے لیے پرچہ داخل کر نئی سیاسی صورتحال پیدا کر دی ہے۔
عام طور پر اسپیکر برسرِ اقتدار جماعت کا ہی ہوتا ہے۔ جبکہ ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ حزب مخالف کا ہوتا ہے۔ عظیم اتحاد کے اس فیصلے سے اب کل ایوان میں اسپیکر کے لیے ووٹنگ ہو گی۔
مزید پڑھیں: کیا نتیش حکومت میں مسلم وزراء کی کمی ختم ہوسکتی ہے؟
عظیم اتحاد کے پاس 110 اراکین اسمبلی ہیں۔ جبکہ این ڈی اے کے ساتھ 125 اراکین اسمبلی ہیں۔ بقیہ 8 سیٹوں میں سے پانچ اے آئی ایم آئی ایم، ایک بی ایس پی، ایک ایل جے پی اور ایک آزاد امیدوار ہیں۔
حکومت سازی سے پہلے اے آئی ایم آئی ایم بی ایس پی اور آزاد امیدوار نے عظیم اتحاد کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ جبکہ آج اے ایم آئی ایم نے اس معاملے پر واضح نہیں کیا ہے۔
تیجسوی یادو نے کہا کہ تمام ایم ایل اے کو اپنے ضمیر کی آواز پر ووٹنگ کرکے بزرگ تجربہ کار اودھ بہاری کو اسپیکر بنانا چاہیے۔ اودھ بہاری نے بھی کہا کہ وہ اسپیکر کے طور پر سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔