وزیر اعلی نتیش کمار نے عوام کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے انفیکشن کی وجہ سے نہ صرف بہار بلکہ پوری دنیا مصیبت کے دور سے گزر رہی ہے۔ ہمارے ملک میں بھی کورونا وائرس انفیکشن کے معاملے بڑھ رہے ہیں۔ اس کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے ہر شخص کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سماجی فاصلہ ہی اس کا ایک با اثر ذریعہ ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ ریاستی حکومت سبھی باشندگان بہار کا پورا تعاون کر رہی ہے۔ بہار کے علاوہ دوسرے ریاستوں کے باشندوں کے لیے بھی ہم کھانے پینے کا انتظام کر رہے ہیں اور بہار کے باشندوں کے لیے جو باہر جا کر پھنسے ہوئے ہیں ان کے لیے اکاؤنٹ میں وزیراعلی راحت فنڈ کے ذریعے ایک ۔ ایک ہزار روپے کی رقم بھیجی گئی ہے۔ اب تک 7 لاکھ 66 ہزار 920 لوگ اس سے مستفید ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں جن لوگوں کے پاس راشن کارڈ ہے ان کو بھی ایک ہزار روپے کی رقم ادا کی جا رہی ہے۔ اس کے تحت اب تک 94 لاکھ 85 ہزار کو یہ رقم بھیجی جا چکی ہے۔ حکومت بہار مختلف شہروں میں پھنسے یومیہ مزدور , ٹھیلا اور رکشہ چلانے والوں کے لیے 150 مرکز تیار کیے گئے ہیں۔ ان میں کھانے رہنے اور طبی خدمات کے علاوہ جانچ کی سہولت مہیا کرائی گئی ہے۔ ضرورت محسوس ہوئی تو اس کی تعداد بڑھائی جا سکتی ہے۔
وزیر اعلی نتیش کمار نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے میں ہیلتھ ملازمین، پولیس افسران و دوسرے ملازمین بہت اہم رول ادا کر رہے ہیں۔ ہم سب کا فرض ہے کہ ان کے ساتھ نرمی سے پیش آئیں اور ان کے ساتھ کسی بھی طرح کی بدسلوکی نہ کریں۔