اردو پروگرام کے تحت سمینار و مشاعرے کا افتتاح ضلع کلکٹر پرشانت کمار، ڈی ڈی سی منوج کمار، ضلع ایجوکیشن آفیسر راج کمار نے مشترکہ طور پر شمع روشن کر کے کیا۔
اس پروگرام کی صدارت سینئر ایڈوکیٹ طحہ خاموش نے کی جبکہ نظامت کے فرائض معروف شاعر ہارون رشید غافل نے انجام دیئے۔ اس موقع پر ضلع کے مختلف حلقوں سے اردو داں طبقہ، اسکول و کالج کی طالبات و خواتین و اساتذہ نے تقریب میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کلکٹر پرشانت کمار نے کہا کہ 'اردو دنیا کی سب سے میٹھی اور شیریں زبان ہے، جس نے معاشرے کے ہر طبقے کو متاثر کیا ہے۔ اردو نے بھارتی سماج کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ 'یہ میری خوشی قسمتی ہے کہ میں نے پانچویں جماعت تک اردو پڑھی ہے۔ اس وقت اردو کی مختلف کتابیں ہمارے پاس ہوا کرتی تھیں۔ آج بھی بہت سارے الفاظ مجھے یاد ہیں۔ ڈی ڈی سی منوج کمار نے کہا کہ 'اردو زبان میں وہ صلاحیت موجود ہے جو بدلتے زمانے کے ساتھ خود کو بدلتی رہتی ہے۔ اردو زبان نے اپنے دامن کو ہمیشہ وسیع رکھا ہے۔
ضلع ایجوکیشن آفیسر راج کمار نے کہا کہ' شاعری کی جتنی بھی اصناف ہیں، اردو زبان میں وہ سب پائی جاتی ہیں۔ آج بھی ہم یومیہ زندگی میں اردو کے کتنے الفاظ استعمال کرتے ہیں جو سننے اور بولنے میں اچھا لگتے ہیں۔
ماسٹر محسن نے کہا کہ اردو زبان کی خوبی اس کی سادگی اور شائستگی ہے اور اس کی سادگی نے اسے دوسری زبانوں سے بلندی اور عظمت بخشتی ہے۔
آج بھی ایسے ہزاروں افراد ہیں جو اردو کو پوری طرح سے سمجھ نہیں سکتے مگر اسے بار بار سننا پسند کرتے ہیں۔ ارریہ بلاک کے مترجم فاروق اعظم نے اردو کے حوالے سے مختلف اشعار سنا کر سامعین کو محظوظ کیا۔ سیمینار اختتام کے بعد مشاعرے کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی شعراء نے اپنے کلام پیش کر کے داد و تحسین حاصل کئے۔