ریاست بہار کے ضلع ارریہ ٹیکہ کاری کے معاملے میں ملک میں پانچویں مقام پر ہے۔
کورونا ٹیکہ کاری کے پہلے مرحلے میں ضلع کے 9364 افراد کو ٹیکہ لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا ان میں تقریباً نو ہزار افراد کو ٹیکہ لگانے کا کام مکمل ہوچکا ہے۔
خاص بات یہ ہے کہ ابھی تک کہیں سے بھی ٹیکہ کے بارے میں کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے، ٹیکہ کاری کے معاملے میں صحت کے حکام کی مستعدی سے پچھلے دنوں اس میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔
اس ضمن میں ضلع پروگرام آفیسر ڈاکٹر ریحان اشرف نے کہا کہ یہ محکمہ صحت سے متعلق تمام عہدے دار اور خاص طور سے ملازمین کی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پورے ضلع میں 21 ٹیکہ کاری مراکز بنائے گئے ہیں تاکہ منتخب افراد کو ٹیکہ لگانے میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔
انہوں نے کہا کہ تمام نو بلاک کے شناخت شدہ مستحقین کو متعلقہ بلاک میں ٹیکہ لگانے کے انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ٹیکہ کاری کے معاملے میں ضلع میں سب سے آگے سکٹی بلاک ہے جبکہ جوکی ہاٹ اور بھرگامہ کی کارکردگی بھی قابل ذکر ہے۔
سکٹی بلاک میں پہلے مرحلے میں کل 805 افراد کو ٹیکہ کاری کے لیے منتخب کیا گیا تھا جس میں اب تک 710 افراد کو ٹیکے لگائے جاچکے ہیں، اسی طرح بھرگامہ میں بھی ٹیکہ لگانے کا 70 فیصد کام ہوچکا ہے۔
ڈاکٹر ریحان اشرف نے کہا کہ کورونا ٹیکوں سے متعلق امور پر ریاستی سطح کی جائزہ میٹنگ میں ارریہ کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے چیف سکریٹری نے اس کے لیے صحت افسران کی کاوشوں کو سراہا ہے، ڈاکٹر ریحان نے بتایا کہ ٹیکہ کاری کا پہلا مرحلہ گیارہ فروری کو ختم ہو جائے گا۔