پٹنہ: پیر کے روز 17 ویں اسمبلی کے پہلے اجلاس کے پہلے دن انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے اراکین اسمبلی نے حلف لیا۔ اس دوران اسمبلی میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا، اطلاعات کے مطابق اے آئی ایم ایم کے ایم ایل اے اختر الایمان نے لفظ 'ہندوستان' کے نام پر حلف لینے سے انکار کردیا۔
اخترالایمان نے کہا کہ مجھے جو اردو کاپی موصول ہوئی ہے اس میں بھارت کی جگہ ہندوستان کا آئین لکھا ہے۔ آئین میں بھارت کے لوگ لکھا ہے۔ اگر اجازت ہو تو میں بھارت کے نام پر حلف لینا چاہتا ہوں۔ اس پر جیتن رام مانجھی نے سکریٹری سے قانون ساز کے مسائل کے بارے میں پوچھا۔ مانجھی نے کہا کہ یہ تو پہلے سے ہی چلا آرہا ہے، کوئی نئی بات نہیں ہے۔ سبھی اس نام پر حلف لیتے ہیں۔ اخترالایمان نے کہا اسی لیے میں اجازت لے رہا ہوں۔ ہندی اور میتھلی کی کاپی بھارت لکھا گیا ہے۔ اردو میں ہندوستان لکھا ہے۔ اس کے بعد اخترالا یمان نے حلف لیا اور ہندوستان کے بجائے بھارت کہا۔
حلف اٹھانے کے بعد اخترالایمان نے اسمبلی کے باہر وضاحت پیش کی۔ بی جے پی کی جانب سے ہندوستان نہیں بولنے پر پاکستان جانے کی بات پر انہوں نے کہا کہ' بھارت کسی کے باپ کا نہیں ہے'۔
"ہندوستان بولنے میں کوئی حرج نہیں ہے، لیکن جو کاغذ اردو میں حلف کے لیے ٹائپ کیا گیا تھا وہ بہت پرانا تھا۔ تمام لوگ ہندوستان بول رہے تھے۔ اسی لیے میں نے حلف میں ہندوستان کے بجائے بھارت بولنے کی اجازت طلب کی۔ اختر الایمان
"ہندوستان کوئی آج کا نہیں ہے۔ جنہیں ہندوستان پسند نہیں وہ پاکستان جائے۔ ان کو پاکستان کو پسند ہے۔ یہ مہرائی سیاست ہے۔ پرمود کمار، ایم ایل اے، بی جے پی