بہار میں کورونا متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اب یہ خاص لوگوں تک پہنچ چکا ہے۔ ریاست کے گورنر ہاؤس تک اس کی پہنچ ہو گئی ہے.گورنر ہاؤس میں تعینات 3 درجن سے زائد افراد کرونا مثبت پائے گئے ہیں۔ ان میں افسران اور ملازمین دونوں شامل ہیں۔ پہلے یہاں 15 حفاظتی اہلکار متاثر پائے گئے تھے۔ گزشتہ روز ہوئی جانچ میں ریاست میں 1320 کورونا متاثر مریض ملے ہیں۔
اب ریاست میں مریضوں کی مجموعی تعداد 20 ہزار 173 ہو گئی ہے۔ دارالحکومت پٹنہ کے 5 مریضوں سمیت 16 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 13 ہزار 533 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ محکمہ صحت کے ذریعہ جاری اعداد و شمار کے مطابق 10 ہزار نمونوں کے ذریعہ کیے گئے جانچ میں 13.13 فیصد مثبت پائے گئے ہیں۔
محکمہ صحت کے ذریعہ ملی اطلاع کے مطابق 10 ہزار 05 نمونے کی جانچ ہوئی جس میں 1320 افراد متاثر پائے گئے ہیں۔ اب تک ریاست میں 33 لاکھ 7ہزار 212 نمونے کی جانچ ہو چکی ہے۔ جس میں 5.98 فیصد مثبت ملے ہیں۔ محکمہ صحت نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 514 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔
ریاست میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 13ہزار 533 ہو گئی ہے۔ حالانکہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ جس کے نتیجے میں ایکٹیو کیس میں اضافہ ہوا ہے. جس کی تعداد کل تک بڑھ کر 6482 ہو گئی ہے۔ محکمہ صحت کے ذریعہ یہ تصدیق کی گئی ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اس وباء سے 16 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
دارالحکومت پٹنہ میں 5 متاثرین کے علاوہ گیا اور منگیر میں 2-2 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ سارن، نوادہ، اورنگ آباد، بیگو سرائے، اور بھاگلپور میں 1-1 افراد کی موت ہوئی ہے۔ اس وباء سے متاثر ہونے والے 171 افراد جاں بحق ہوئے ہیں. ریاست میں اس وباء سے ہلاک ہونے والوں کی شرح 0.71 فیصد ہے۔