ریاست اترپردیش کے ضلع نوئیڈا سے متصل دہلی کے میور وہار کے علاقے میں ایک نوجوان کی مشتبہ حالت میں موت ہوگئی، ہلاک شدہ کی شناخت ابھیشیک کمار کے طور پر ہوئی ہے۔
اہل خانہ کے مطابق ابھیشیک کمار کھانے کے بعد ٹہلنے کے لیے باہر گیا ہوا تھا لیکن واپس نہیں آیا اور اس کی لاش قریبی پارک میں ایک بنچ پر ملی، ابھیشیک کے بائیں ہاتھ پر انجیکشن کے 20-22 نشانات ملے ہیں جس کی وجہ سے ایسا معلوم ہورہا ہے کہ اس کو قتل کیا گیا ہے۔
اہل خانہ کی شکایت پر غازی پور پولیس اسٹیشن کے ذریعہ پوسٹ مارٹم کے بعد ابھیشیک کی لاش کو اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا ہے، پولیس نے ابھیشیک کا موبائل اپنے قبضہ میں لے لیا ہے اور پولیس پوسٹ مارٹم رپورٹ کی منتظر ہے۔
پولیس کے مطابق ابھیشیک میور وہار فیز 3، جنتا فلیٹ میں کنبے کے ساتھ رہتا تھا، اس کے کنبہ میں والد شیو شنکر پرساد، والدہ گوندہ دیوی اور دو شادی شدہ بہنیں ہیں۔
ایم بی اے کرنے کے بعد ابھیشیک نوئیڈا میں ایک بڑی کمپنی میں ملازمت کرتا تھا، لاک ڈاؤن کے بعد سے اس کی کمپنی نے اسے ورک فرام ہوم کیا ہوا تھا اور وہ رات کے کھانے کے بعد ٹہلنے کے لیے جاتا تھا لیکن گزشتہ رات ٹہلنے گیا تو پھر واپس نہیں آیا، اہل خانہ اس کے موبائل پر فون کرتے رہے لیکن اس کا فون نہیں اٹھا، اہل خانہ نے اس سلسلے میں غازی پور پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کی۔
پولیس نوجوان کی موت کی اصل وجہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔