کورونا دور میں ایک عرصے سے اسکول بند رہنے کی وجہ سے ایک طرف بچے اور والدین پریشان ہیں، دوسری طرف نجی اسکولوں کے لئے پریشانی بڑھتی جا رہی ہے۔ منگل کو ڈسٹرکٹ پبلک اسکول ویلفیئر کمیٹی کے اہلکار گوتم بدھن نگر ضلع مجسٹریٹ سے ملاقات کے لئے کلکٹریٹ آفس پہنچے اور اپنے مسائل کی وضاحت کرتے ہوئے ایک میمورنڈم پیش کیا۔
کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست میں بنیادی تعلیم کونسل کے تسلیم شدہ غیر امدادی اسکولوں کو مالی امداد فراہم کی جائے یا اسکول کھولنے کی اجازت دی جائے۔
کمیٹی کے چیئرمین دنیش چوہان نے بتایا کہ ضلع میں 3000 کے قریب تسلیم شدہ پرائمری اور اپر پرائمری اسکول ہیں، جن میں 30 ہزار کے قریب اساتذہ اور عملہ کام کر رہے ہیں۔ جو طلباء ان اسکولوں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں، ان کے والدین لاک ڈاؤن کے بعد بھی اسکول کی فیس ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نوئیڈا میں کورونا ویکسینیشن کی کامیاب ریہرسل
انہوں نے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ کو خط لکھ کر مدد کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کے اگر حکومت کی جانب سے ان اسکولوں کی مدد نہیں کی گئی تو بیشتر اسکول کی مالی حالات ابتر ہونے کی وجہ سے بند ہو جائیں گے اور اس میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کا مستقبل تاریک ہو جائے گا۔