اتر پردیش کے نوئیڈا میں کچی آبادی اور جھگی جھونپڑی کی باز آبادکاری میں جعلسازی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ڈیلرس کی جانب سے جعلی مہر لگا کر فرضی طریقے سے فلیٹ فروخت کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
اس سلسلے میں کانگریس کے صدر شہاب الدین اور نوئیڈا جھگی جھونپڑی پنر واس منچ کے چیئرمین رماکانت سنگھ کی سربراہی میں ایک وفد نے ڈی ایم کیمپ آفس سیکٹر 27 میں ڈی ایم سہاس ایل وائی سے ملاقات کی۔ دوران ملاقات وفد نے کچی آبادی کی رہائشی قرعہ اندازی اسکیم میں پیش آنے والی جعلسازی کی شکایت اور کچی آبادی جھگی جھونپڑی والوں کے درپیش مسائل سے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو آگاہ کیا۔ ساتھ ہی جعل سازی میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کا بھی مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ جھگی جھونپڑی والوں کے لیے بنائے گئے سیکٹر 122 کے فلیٹ متعدد ڈیلر فروخت کرنے میں مصروف ہیں ۔اس کے لئے باقاعدہ نوئیڈا اتھارٹی اور بینک کی جعلی مہر کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر کانگریس کے صدر نوئیڈا شہاب الدین، نوئیڈا جھگی جھونپڑی پنر واس منچ کے صدر رماکانت سنگھ، رامانند، گنگارام، جسونت، رامنارائن، کیلاش، شیو چند، رضوان خان، رام ولاس، رام نارائن، پھول چند، گڈی محمد، انیس، شاہ جہاں، رام گنگا، ہرم پانڈے، علی محمد وغیرہ موجود تھے۔