ریاست اترپردیش میں غیر قانونی مذہب تبدیلی ممنوعہ آرڈیننس کے نفاذ کے بعد، ضلع میں مذہب تبدیل کرانے کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔ لیکن کہیں سے کوئی شور شرابہ سننے کو نہیں ملا۔ وجہ؟ یہ حرکت عیسائی مذہب سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے کی۔
پولیس نے اس معاملے میں جنوبی کوریا کی ایک خاتون سمیت دو دیگر خواتین اور ایک شخص کو گرفتار کیا۔ الزام ہے کہ ملزمین نے سورج پور قصبے میں رہائش پذیر ایک خاندان اور ایک خواجہ سرا کی لاک ڈاؤن میں راشن اور نقدی فراہم کرکے ان کی مدد کی تھی۔ چاروں ملزمین ان کے گھر پہنچے اور دیوی دیوتاؤں کے بتوں کو ہٹانے اور ان پر عیسائی مذہب قبول کرنے کے لئے دباؤ ڈالنا شروع کیا۔
اطلاع ملتے ہی لوگ موقع پر پہنچ گئے۔ ملزم کے پاس عیسائی مذہب سے متعلق کتابیں ملیں۔ اس دوران بی جے پی کارکنان بھی وہاں پہنچ گئے۔ پولیس نے چاروں کوگرفتار کرلیا اور دوسرے مذاہب کی توہین اور زبردستی مذہب تبدیل کرانے کے خلاف نئے قانون کے تحت ان پر مقدمہ درج کرلیا۔
گرفتار ملزمین کی شناخت جنوبی کوریائی شہری انمول بیٹی لی، الہ آباد کی سندھیا اور ملکاپور گاؤں کی رہائشی سیما اور امیش کے نام سے ہوئی ہے پولیس کے مطابق عیسائی مذہب کے کچھ پیروکاروں کا سورج پور قصبے میں رہنے والی ایک خاتون سے لاک ڈاؤن کے دوران رابطہ ہوا۔ انہوں نے خاتون اور اس کے اہل خانہ کو راشن دے کر رابطے بڑھانا شروع کردیئے۔
ملزمین نے خاتون کے پڑوس میں رہنے والے ایک خواجہ سرا کو بھی راشن دیا۔ انہیں مالی مدد فراہم کرانے کا وعدہ کر کرکے اتوار کے دن چرچ میں شرکت کے لئے بلاکر ان کی حوصلہ افزائی کی بعد میں ان لوگوں نے خاتون اور خواجہ سرا کے گھر میں رکھے دیوتاؤں کو ہٹانا شروع کردیا۔ دونوں کے مزاحمت پر ملزمہ نے جھگڑا بھی شروع کردیا۔ آس پاس کے لوگوں کو بھی اس معاملے کی اطلاع ہوئی۔
مزید پڑھیں: نوئیڈا: زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کا احتجاج بدستور جاری
موقع پرجمع لوگوں نے ملزمہ پر زبردستی مذہب تبدیلی کا الزام لگا کر ہنگامہ آرائی شروع کردی۔ اس دوران کچھ ہندو تنظیمیں اور بی جے پی کارکنان بھی وہاں پہنچ گئے۔ اس کے بعد پولیس بھی موقع پر پہنچی اور ملزموں کو سورج پور کوتوالی لے آئی۔ اس تعلق سے پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے