ریاست اترپردیش کے ضلع نوئیڈا کے رہائشیوں کو کورونا وائرس کے انفیکشن سے بچانے کے لیے ضلع مجسٹریٹ سہاس ایل وائی نے مختلف علاقوں میں ہنگامی دورہ کرکے حالات کا جائزہ لیا اور ضروری احکامات بھی دیئے۔
ہنگامی دورے کے دوران ڈی این ڈی، لیبر چوک، گاؤں کھوڈا، غازی آباد بارڈر، سیکٹر 8 اور سیکٹر 9 میں حالات کا جائزہ لیا، سیکٹر 8 اور 9 کی جھگیوں میں بڑی تیزی سے کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافہ ہورہا ہے۔
ضلع مجیسٹریٹ نے کورونا وائرس سے تحفظ کے لیے لاک ڈاؤن کی سو فیصد تعمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
لاک ڈاؤن اور دیگر صحت کی خدمات اور حفظان صحت سے متعلق ضروری معلومات حاصل کیں۔
اس دوران ڈی ایم نے گاڑیوں کی چیکنگ بھی کی، انہوں نے باخبر کیا کہ اگر کوئی بھی افسر اور ملازم اپنی ڈیوٹی کے دوران کوتاہی یا تساہلی کا مرتکب ہوا تو ان کے خلاف سخت ترین کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
کلکٹر کے دورے کے دوران ڈی سی پی فرسٹ سنکلپ شرما ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ دادری راجیو رائے اور چیف میڈیکل آفیسر دیپک اہوری اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔