نوئیڈا: جمعہ کی دوپہر دہلی کی روہنی عدالت میں پیش آئے واقعات کے فوری بعد اتر پردیش کی گوتم بدھ نگر نوئیڈا پولیس کمشنر آلوک سنگھ کی ہدایات پر سورج پور کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں چیکنگ اور سرچ آپریشن کیا گیا۔ اس دوران پولیس کی بھاری نفری عدالت کے احاطے کے اندر اور باہر موجود تھی جس کی قیادت اے سی پی پریتم پال سنگھ نے کی۔
واضح رہے کہ جمعہ کی دوپہر دہلی کی روہنی عدالت میں فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔ بدمعاش وکیل کے لباس میں کیمپس میں داخل ہوئے تھے۔
اس واردات کے بعد گوتم بدھ نگر کے پولیس کمشنر (آلوک سنگھ) نے فوری طور پر اے سی پی 3 پی پی سنگھ کی قیادت میں بڑی تعداد میں پولیس فورس کو سورج پور میں واقع ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے سیکورٹی انتظامات کی تحقیقات کے لیے روانہ کیا۔ دوپہر 2 بجے کے قریب پولیس نے عدالت کے احاطے کو گھیر لیا اور چیکنگ مہم شروع کی، احاطے کے اندر اور باہر موجود تمام لوگوں کو تلاشی لی گئی۔
مزید پڑھیں: روہنی کورٹ میں فائرنگ کے خلاف کل وکلا کی ہڑتال
اے سی پی 3 پیتم پال سنگھ نے بتایا کہ تھانہ سورج پور اور پی اے سی کے ساتھ ساتھ عدالت کے احاطے کے اندر اور باہر چیکنگ کی گئی اور لوگوں کے ساتھ موجود سامان اور پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کی بھی تلاشی لی گئی۔ اس دوران مشکوک نظر آنے والے لوگوں سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔ کورٹ کمپلیکس کے کمرہ عدالت کو بھی چیک کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ تفتیش کے دوران کوئی قابلِ اعتراض مواد یا مشکوک شخص نہیں ملا۔ احتیاط کے طور پر یہ مہم مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔