اترپردیش کے ضلع مظفرنگر میں شاہ ولی اللہ اسلامک لائبریری میں ائمہ، ذمہ داران مدارس، اساتذہ اور معززین حضرات کا ایک خصوصی مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا۔
اجلاس کا آغاز قاری سالم قاسمی امام و خطیب مسجد فتح پوری کی تلاوت کلام پاک سے ہوا اور بارگاہ رسالت میں نعتیہ کلام شاعر ابو الکلام کلیم چڑتھہاولی نے پیش کیا۔ اجلاس کی صدارت مولانا عبدالخالق نائب مہتمم تعلیمات جامعہ حسینیہ نے کی۔
مولان عبد الخالق نے کہا کہ 'لاک ڈاؤن سے جو مشکل ترین حالات پیدا ہوئے، ان حالات سے سب سے زیادہ متاثر ائمہ مساجد اور اساتذہء مدارس ہوئے ہیں۔ انہوں نے ان حضرات کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے ایسی مشکل گھڑی میں اپنا تعاون دیا اور جدوجہد کی۔
یہ بھی پڑھیں: شاعرانہ انداز میں ڈسٹرک مجسٹریٹ کو میمورینڈم
انہوں نے مزید کہا کہ 'علمائے دین و ائمہ مساجد کی خدمت و قدردانی بڑی سعادت کی بات ہے۔
اس پروگرام کے اختتام پر لائبریری کے بانی قاری خالد محمد بشیر قاسمی نے ائمہ و اساتذہ کے لیے کی گئی امداد کی تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی، جس کی موقع پر موجودہ سبھی حضرات نے تائید و توثیق کی۔ اس مشاورتی خصوصی اجلاس میں ائمہ، مدارس کے اساتذہ اور دیگر معززین موجود رہے۔