اترپردیش کے ضلع مظفر نگر کے امبا ویہار میں جیو فائیو جی نیٹ ورک کے موبائل ٹاور ہٹوانے کو لے کر درجنوں کی تعداد میں لوگ ضلع کلکٹریٹ میں جمع ہوئے امبا ویہار کے رہائشیوں نے اس ٹاور کو ہٹانے کے لیے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی۔
رہائشی نعیم الزماں کا کہنا ہے کہ ہمارے محلے میں رحیم مسجد امبا ویہار میں ایک گھر میں غیر قانونی طریقے سے جیو نیٹ ورک کا فائیو جی موبائل ٹاور Geo Network's Five G Mobile Tower لگوایا جارہا ہے۔ اس ٹاور کی وجہ سے چھوٹے معصوم بچوں کی صحت پر مضر اثرات مرتب ہوں گے اور یہ ایک ایسی عمارت پر تعمیر کیا جا رہا ہے جو پہلے سے ہی خستہ حالت میں ہے۔ کبھی بھی کوئی بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے کیوں کہ اس کے بازو میں بچوں کا ایک مدرسہ ہے اور ایک اسپتال بھی ہے۔ اس ٹاور کی وجہ سے صحت پر تو برا اثر پڑے گا ہی، ساتھ ہی ایک بڑا حادثہ ہونے کا بھی خدشہ رہے گا۔ اس لئے ہم چاہتے ہیں کہ اس ٹاور کو یہاں سے ہٹا کر کہیں اور لے جایا جائے۔