راشٹروادی کانگریس پارٹی کے قومی ترجمان اور ممبئی صدر نواب ملک نے ایودھیا معاملے پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اپنا ردعمل اورپارٹی کا موقف ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایودھیا معاملے پر سپریم کورٹ کا فیصلہ ایک تاریخی فیصلہ ہے جس کے بعد ایودھیا تنازعہ پراب پردہ پڑجائے گا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ابتداء سے ہی یہ موقف رہا ہے کہ سپریم کورٹ جو فیصلہ دے گا وہ ہرکسی کو تسلیم کرنا چاہئے، چاہے وہ کوئی سیاسی پارٹی ہو یا پھر کوئی مذہبی جماعت، سبھی کو سپریم کورٹ کا فیصلہ منظور کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے سے قبل ہی تمام لوگوں نے اس کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا، اس لیے کوئی بھی نہ تو اس کا سہرا اپنے سرلینے کی کوشش کرے، نہ تو کوئی جلوس نکالے اور نہ ہی کسی کے جذبات کو ٹھیس پہونچائے۔
نواب ملک نے کہا کہ ہمیں یہ امید ہے کہ اس کے بعد کوئی بھی سیاسی پارٹی مذہب کے نام پر اس طرح کا تنازعہ دوبارہ نہیں کھڑا کرے گی۔