جلسہ میں عوام کی کثیر تعداد موجود تھی، اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا اتنی کثیر تعداد کو دیکھر کر یہ صاف ظاہر ہوتا ہیکہ مہاراشٹر میں پھر سے بی جے پی اور حلیف جماعتوں کی حکومت آنے والی ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے کانگریس اور این سی پی پر نُکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ حب الوطنی کو لے کر مہاراشٹر کی ہمیشہ آواز بلند رہتی ہے لیکن بدقسمتی سے کانگریس اور این سی پی کے رہنما حب الوطنی کے جذبہ کو ٹھیس پہنچانے کا کام کرتے رہے ہیں، ریاست کی عوام نے پارلیمانی انتخابات میں مذکورہ جماعتوں کو واضح طور پر اشارہ دے دیا تھا لیکن یہ لوگ پھر بھی ماننے کے لئے تیار نہیں ہیں۔
وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ کچھ دن پہلے ایک اخبار میں خبر پڑھی تھی کہ کانگریس کے رہنماوں کو حب الوطنی کی مخصوص کلاسس دی جائیں گی، اس بات سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ آزادی میں حصہ لینے والی کانگریس اب حب الوطنی والی کانگریس پارٹی نہیں رہی۔
مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات کو لیکر وزیراعظم نریندر مودی نے این سی پی کے نشان گھڑی پرطنز کرتے ہوئے کہا کہ ایک بڑا بھائی دس پر کھڑا ہے اور دوسرا چھوٹا بھائی بھی دس پر کھڑا ہے اس کا مطلب یہ ہے کہ بڑا بھائی بھی دس سیٹ لے کر آئے گا اور چھوٹا بھائی بھی دس سیٹ لے کر آئے گا۔
وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ انھوں نے قحط سالی کو بہت قریب سے دیکھا ہے قحط سالی کو دور کرنے کے لئے مہارشٹرا میں مائیکرو اریگشن کے لیے کروڑوں روپے حکومت نے خرچ کیے ہیں اور ساتھ ہی مہاراشٹر حکومت تیزی کے ساتھ ان اسکیمز پر کام بھی کر رہی ہے، ساتھ ہی پانی کی قلت سے راحت دینے کے لیے،جلیکت شیوار، جیسی اسکیم سے عوام کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے۔انھوں نے دعوی کیا کہ واٹر گریڈ منصوبے سے مراٹھواڑہ کے سینکڑوں گاؤں میں پینے کے پانی کی پریشانی ختم ہو جائیگی۔
اور حسب سابق طلاق ثلاثہ کے موضوع پر وزیراعظم نریندر مودی نے روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ تین طلاق سے مسلم خواتین کو راحت ملی ہے۔ طلاق ثلاثہ بل پاس کرنے میں بی جے پی اور اتحادی جماعتوں نے اہم رول ادا کیا ہے، جبکہ کانگریس اور این سی پی نے مسلم خواتین کو انصاف دلانے کی کوشش کو روکنے کا کام کیا ہے۔