ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے 'اردو شکسک سنگھ تنظیم' کے صدر ساجد نثار سے اردو اسکولوں کے مسائل کے حل پر بات چیت کی۔ 'اردو شکسک سنگھ تنظیم' گزشتہ کئی برسوں سے اردو اسکولوں اور اساتذہ کے مسائل کو حل کرنے کے لئے سرگرم ہے۔
تنظیم کی جانب سے کئی مرتبہ مخلتف مسائل پر احتجاج کیے گئے۔ ساجد نثار نے بتایا کہ ہماری تنظیم کے زیر اہتمام ممبئی آزاد میدان میں اساتذہ کے مسائل پر دھرنا دیا گیا تھا۔ بعد ازاں 20 فیصد گرانٹ کی منظوری بھی ملی تھی، لیکن ابھی مکمل گرانٹ کی منظوری کے لئے تنظیم کی جانب سے کوشش جاری ہے۔
تنظیم کی جانب سے گزشتہ دنوں نان گرانٹ اساتذہ کے لئے مائنارٹی انسٹی ٹیوٹشن فیڈریشن کا قیام عمل میں آیا ہے۔ موصوف نے مالیگاؤں کارپوریشن کی جانب سے جاری اردو اسکولوں کی بحالی پر افسوس کا اظہار کیا۔
انھوں نے کہا کارپوریشن اس جانب توجہ نہیں دیتی ہے، جس کی وجہ سے کئی اسکول بند ہو چکے ہیں اور بیشتر اسکول خستہ حال ہیں۔ ان اسکولوں میں طلبہ و اساتذہ کی کمی ہے۔ اگر اس طرح سے حالت رہی تو ایک دن شہر سے اردو اسکول مکمل طور پر ختم ہو جائیں گے۔