مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی سے متصل مسلم اکثریتی شہر ممبرا میں رقم دوگنی کر کے دینے کا ایک اور سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا جب کے جی این ایسوسی ایٹ نامی کمپنی تقریباً سات سے آٹھ سو انویسٹر کے کروڑوں روپئے لیکر کمپنی کے ذمہ داران فرار ہوگئے ہیں ۔
اس بوگس کمپنی میں انویسٹ کرنے والے افراد بے حال ہیں لیکن ابھی تک پولیس میں کسی طرح کی کوئی شکایت درج نہیں کرائی گئی ہے ۔
ذرائع کے مطابق ممبرا کچھ دنوں قبل ایک کے جی این ایسوسی ایٹ نامی فائنانس کمپنی دفتر کھولا گیا جس میں رقم انویسٹ کرنے والوں کو دوگنا منفع دینے کے نام پر مختلف کاروبار میں پیسوں کو انویسٹ کرنے کا جھانسہ دے کر انکی رقم کو دوگنا کرنے کا وعدہ کیا جاتا تھا۔
اس کا مرکزی دفتر بھانڈوپ میں بتایا جاتا ہے اس کمپنی سے وابستہ دو اہم سرغنہ ہارون رشید اور مکیش مورے نامی ہیں ان کے غائب ہونے کے بعد لوگوں نے پیسوں کے کلیکشن کرنے والے شخص سلمان شیخ کو گھیرا اور اس سے پیسے واپس دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
سلمان نے بتایا کہ پانچ ستمبر کو پیسہ واپس کرنے کا وعدہ تھا اور وہ غائب ہیں اور کہ رہے ہیں کہ پیسہ مکیش مورے کے پاس ہے میں اسے تلاش کر کے پیسہ لیکر ہی لوٹونگا۔
سلمان نے بتایا کہ اس کمپنی کے اہم مالک مکیش مورے ، دتا رائے ، ہارون رشید، عبد الستار شیخ ہیں ہم لوگ یہاں محض اسٹاف کے طو ر پر کام کر رہے تھے۔
سلمان نے بتایا کہ ہارون کے غائب ہونے سے مسئلہ بگڑ گیا ہے انکی فیملی کو بھانڈوپ پولیس نے طلب کیا ہے ا سنے بتایا کہ ممبرا سے ہم نے6تا7سو افراد کے 40تا50کروڑو روپئے وصولے ہیں اس رقم کو وہ لوگ زمین ، اور دیگر کاموں میں لگاکر رقم دوگنی کر کے لوٹانے کا کہتے تھے ۔
سلمان نے بتایا کہ ہارون رشید یہاں کا اہم ذمہ دار تھا اور وہ مجھے اور ہم سب کو چکما دیکر فرار ہوگیا ۔
بتایا جاتا ہے کہ یہ لوگ رقم دوگنی دینے کا کہتے تھے اور اسے حلال منافع بتاتے تھے اس طرح لوگ لالچ میں آکر اپنی رقم دے بیٹھے اور اب ان لوگوں کے فرار ہونے سے کافی لوگ پریشان ہیں انکی کچھ سمجھ میں نہیں آرہا ہے کہ وہ کیا کریں ۔
لے دیکر ایک ملازم سلمان ہی یہاں پر ہے اور لوگ اسی کے پاس بھاگ بھاگ کر جاتے ہیں ۔ اس طرح یکے بعد دیگر کئی مرتبہ اس طرح کے واقعات رونما ہونے کے بعد بھی لوگ ایسی جگہوں پر پیسہ لگانے سے باز نہیں آتے اور نہ ہی اس طرح کی فرضی کمپنیوں و جعلسازوں پر حکومت و پولیس کسی قسم کا شکنجہ کس پارہی ہے ۔اس سلسلہ میں ممبر اپولیس کے سینئر انسپکٹر مدھوکر کڑ نے بتایا کہ شہر میں خبریں گشت کر رہی ہیں لیکن کوئی بھی شکایت کنندہ ہم تک شکایت درج کرانے ابھی تک تو نہیں آیا ہے اور اگرچہ آیا تو ہم ہر ممکن کاروائی کریں گے ۔