اس موقع پر شہر کے نگراں وزیر اسلم شیخ نے بتایا کہ نیسکو نمائش سینٹر میں 5 بڑے نمائشی ہال ہیں۔ ان تمام ہالوں کو اب قرنطین سینٹر میں تبدیل کیا جا رہا ہے اور یہاں پورے نمائشی مرکز میں 2,600 بیڈز کی کل گنجائش ہوگی جہاں مریضوں کو آکسیجن کی فراہمی بھی یہاں دستیاب ہوگی۔
اُنہوں نے بتایا کہ اس کورونا کیئر سینٹر میں مردوں اور عورتوں کے لئے الگ-الگ بیت الخلاء، گیزر والے غسل خانے ہوں گے اور ہر بستر کے لئے الگ پنکھا ہوگا۔ یہاں رکھے جانے والے لوگوں اور ان کے لواحقین کو کسی قسم کی تکلیف سے بچنے کے لئے مختلف ہیلپ ڈیسک قائم کیے جا رہے ہیں جس میں انکوائری روم، سینیٹائیزیشن ڈیپارٹمنٹ، طبی معائنہ جیسے مختلف کمرے ہوں گے نیز مناسب میڈیکل آفیسرز اور نرسیں یہاں پر تعینات کی جائیں گی۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ 300 بیڈز ڈائلیسس اور انتہائی نگہداشت کے یونٹوں کے لئے مختص ہوں گے۔ اُنہوں نے آخر میں پورے نظام کا معائنہ کرنے کے بعد اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے کورونا کی روک تھام اور علاج کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے ہیں جلد ہی ہمیں مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔