کورونا وبا کی دوسری لہر کے تناظر میں ریاستی حکومت نے جو رہنمایانہ ہدایت جاری کی ہے اس کی روشنی میں عوامی تقریبات پر وقتی طور پر پابندی عائد کردی گئی ہے کیونکہ ریاست میں کورونا میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اس کے پس منظر حکومت مہاراشٹر نے عیدالفطر اور سبھی عوامی تقریبات کے لئے گائیڈ لائن مرتب کی ہے۔
اس تعلق سے ایڈیشنل ایس پی چندر کانت کھانڈوی نے بتایا کہ ہنگامی حالت میں پیغمبر اسلام محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے گھروں پر یا مسجد میں ہی نماز ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ مسلمانان شہر اس کی پاسداری کرتے ہوئے گھروں میں ہی عیدالفطر کی نماز ادا کرے اور عیدگاہوں کا رخ نہ کریں۔ انہوں نے عیدگاہوں پر بندوست کے تعلق سے تفصیل فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہزار پولیس اہلکار دو ایس آر پی ایف کی کمپنیاں 100 پولیس آفیسرز 400 ہوم گارڈ 10 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے اور ڈرون کیمروں سے بھی عیدگاہوں کے راستوں پر نگرانی رکھی جائے گی۔
واضح رہے کہ شہر کی ملی تنظیموں کے سرکردہ افراد نے حالات کے تناظر میں عیدالفطر کے موقع پر عیدگاہوں پر نماز ادا کرنے کی سہولت دینے کا مطالبہ رکھا تھا اور اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ عیدالفطر کے دن عیدگاہ پر نماز ادا کرنا سنت ہے اور مالیگاؤں میں کورونا عفریت بہت حد تک قابو میں ہے۔ مہاراشٹر میں بھی کورونا کی زنجیر ٹوٹ رہی ہے۔ اس لئے مسلمانوں کو عیدالفطر کے دن عیدگاہوں پر نماز ادا کرنے کا موقع فراہم کرکے انتظامیہ تال میل سے کام کرے۔
شہر کے ایڈیشنل ایس پی چندر کانت کھانڈوی نے تمام ملی تنظیموں سے گزارش کی کہ آپ مسلمانان شہر کی ذہین سازی کریں کہ وہ اپنے اپنے محلوں اور گھروں پر ہی عیدالفطر کی نماز ادا کرے اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ اس ضمن میں ملی تنظیموں کی جانب سے بھی تعاون کی خواہش ظاہر کی گئی۔