مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر بھالچندر گوساوی نے اس تعلق سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی روز سے نجی اسپتالوں میں کورونا مریضوں سے زائد بل کی وصولی کئے جانے کے معاملے میں شیوسینا لیڈر سنیل دیورے نے ڈاکٹر سپنا ٹھاکرے کو معطل کرنے کا مطالبہ کیا تھا، جس کے بعد انہیں عہدہ سے برطرف کرتے ہوئے عارضی طور پر ڈاکٹر ہیمنت گڈھری کو ہیلتھ آفیسر کا چارج دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر سپنا ٹھاکرے کو ہیلتھ آفیسر کے عہدے سے ہٹائے جانے پر میونسپل کارپوریشن حلقوں میں چہ میگوئیاں شروع ہو گئی ہے۔ دوسری جانب ڈاکٹر سپنا ٹھاکرے نے کہا کہ انہوں نے گھریلو مصروفیات کی بنا پر میونسپل کمشنر کو ایک مکتوب روانہ کرکے سبکدوش ہونے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ عہدہ سے مستعفی ہونا چاہتے تھے جبکہ کمشنر نے ان کے گذارش کو قبول کرلیا۔