مہاراشٹر کے مالیگاؤں میں واقع اسٹیٹ بنک آف انڈیا برانچ کے ڈپٹی منیجر کو سی بی آئی اور اے سی بی کے اسپیشل اسکواڈ نے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھ پکڑ لیا۔
اطلاعات کے مطابق فریادی کو گھریلو قرض دلانے والا کونسلر ہے جو تیس فیصد پر قرض منظور کرواتا ہے۔ ملزم نے ایک فریادی سے ہاوزنگ لون منظور کروانے کے لیے 80 ہزار روپے کا مطالبہ کیا تھا جس پر شکایت کنندہ نے دس ہزار کی پہلی قسط ادا کی۔
فریادی نے ممبئی کی سی بی آئی اور اے سی بی محکموں سے رابطہ کر کے معاملے کی اطلاع دی جس کے بعد دونوں محکموں نے مشترکہ طور پر کاروائی کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک (شاخ مالیگاؤں) کے ڈپٹی مینیجر کو 80 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔
گرفتاری کے بعد ملزم کو سیشن کورٹ میں حاضر کیا گیا جہاں ملزم کے وکیل عارف شیخ اور سی بی آئی کے وکیل نے قانونی جرح کی جس کے بعد جج نے ملزم کو 14 دنوں کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔
واضح رہے کہ اس معاملہ میں چھاؤنی پولیس اسٹیشن میں ایک مقدمہ درج کیا گیا۔ سی بی آئی اور اے سی بی محکموں کی یہ مشترکہ کاروائی مالیگاوں شہر کی تاریخ میں پہلی بار کی گئی۔ اس خبر کے بعد اسٹیٹ بینک کی تمام شاخوں میں ہلچل سی مچ گئی ہے۔