ریاست مہاراشٹر کی وزیر تعلیم ورشا گائیکواڈ نے آج ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ طلبا کے مطالبے کے مدنظر دسویں اور بارہویں جماعت کے تحریری امتحانات آف لائن ہونگے۔
دسویں جماعت کا تحریری امتحان 29؍ اپریل سے 20؍ مئی2021 تک ہوگا جبکہ بارہویں کا امتحان 23 اپریل سے 21؍مئی 2021 تک آف لائن ہوگا اور کورونا انفکشن کی وجہ سے تحریری امتحان اسی اسکول یا جونیئر کالجز میں ہونگے جہاں والدین اور طلبا کو امتحان سنٹر جانا آسان ہوگا۔
وزیر تعلم گائیکواڈ نے کہا کہ غیر معمولی حالات میں کلاس رومز کی کمی کی صورت میں قریبی اسکول کے امتحانی سب سنٹر میں بھی امتحان لیا جاسکتا ہے اور ان طلباء کا جون کے مہینے میں خصوصی معائنہ بھی کیا جائے گا جو امتحان کے دوران کورونا سے متاثر ہوئے یا لاک ڈاؤن ، کنٹینمنٹ زون اور کرفیو وغیرہ کی وجہ سے امتحان میں حاضر نہیں ہوسکتے ہیں۔
80 نمبروں کے تحریری امتحان کے لیے ہر سال 3 گھنٹے دیئے جاتے تھے، تاہم رواں تعلیم سال میں طلبا کی تحریری پریکٹس نہ ہونے کی وجہ سے تحریری امتحان کے لیے وقت میں 30؍ منٹ کا اضافہ کیا گیا ہے۔
40 اور 50 نمبر کے امتحانات کے لیے وقت میں 15 منٹ کا اضافہ کیا گیا ہے، معذور طلبا کو اوسط طالب علم کے مقابلے میں امتحان کے ہر ایک گھنٹے کے لئے 20 منٹ زیادہ دیا جائے گا۔
دسویں جماعت کے پریکٹکل کے امتحان ہر برس لیے جاتے تھے مگر اس سال کورونا کی وجہ سے تحریری اسائنمنٹ کو ہوم ورک کی شکل میں لیا جائے گا، عملی امتحان کے بجائے مخصوص تحریری کو 21؍ مئی سے10؍ جون2021؍ کے درمیان جمع کرنا ہوگا، تحریری ٹیسٹ کے بعد عملی ٹیسٹ 22؍ مئی سے10؍ جون تک ہونگے۔
آرٹس، کامرس، پیشہ ورانہ نصاب تعلیم حاصل کرنے والے طلباء تحریری امتحان کے بعد 15؍دن کے اندر ہوم ورک جمع کروائیں، لاک ڈاؤن، کنٹینمنٹ زون، کرفیو اور کورونا سے متعلق صورتحال کے دوران دسویں اور بارہویں جماعت کے طلبا یا ان کے کنبہ کے افراد کو کورونا انفیکشن کی صورت میں 15؍ دن کی مہلت دی جائے گی، امتحان بورڈ کے ذریعہ منعقدہ ضمنی امتحانات جولائی تا اگست میں ہوگا۔
امتحانات سے متعلق اسکولوں، جونیئر کالجوں، سینٹر ہیڈ سپروائزرز اور دیگر امور کو الگ الگ ہدایات جاری کی جائیں گی، یہ امتحانات کویڈ19 کے بارے میں مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت کے رہنما خطوط اور جغرافیائی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کروائے جائیں گے۔
ریاستی حکومت نے احتیاطی تدابیر اختیار کی ہیں کہ کسی کو بھی امتحان سے محروم نہیں رکھا جائے گا، طلبا اور والدین کے مابین امتحانات کو لے کر بہت الجھن ہے، لہذا طلبا اور والدین خوفزدہ نہ ہوں اور اسٹیٹ بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ پر موجود معلومات کو بھی دیکھ سکتے ہیں۔