مہاراشٹر کے وزیر صحت راجیش ٹوپے نے کہا کہ 14 اپریل کے بعد لاک ڈاون مرحلہ وار ہٹایا جاسکتا ہے، انھوں نے کہا کہ ایک ہی وقت میں تمام جگہوں سے لاک ڈوان ہٹایا نہیں جاسکتا۔
وزیر صحت نے کہا کہ حکومت کچھ راحت کے بارے میں غور کررہی ہے، مگر حساس علاقوں میں لاک ڈاون جاری رہ سکتا ہے۔
ایک دن قبل مذکورہ وزیر نے کہا تھا کہ اگر لوگ لاک ڈاون پر عمل نہیں کرئں گے اور کورونا کیسز میں اضافہ جاری رہے گا تب مہاراشٹر میں 14 اپریل کے بعد بھی لاک ڈاون ہٹایا نہیں جاسکتا۔
آج انھوں نے کہا کہ اگر راحت دی جاتی ہے تب بھی حساس علاقوں میں سختی رہے گی۔ انھوں نے اپیل کی کہ لوگ گھروں میں رہیں اور اپنی قوت مدافعت کو بڑھائیں، اچھی غذا لیں اور ورزش کریں۔
مذکورہ وزیر نے کہا کہ متعدد ایورویدک ڈاکٹرز کورونا سے تحفظ کی دوائی تجویز کرنا چاہتے ہیں، انھوں نے مذکورہ ڈاکٹرز سے کہا کہ وہ اپنی معلومات اور متبادل علاج کے طریقے کار کو محکمہ آیوش کے پورٹل پر رکھیں۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس سے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر کو اپنانے کی غرض سے ملک بھر میں 21 دن کے لاک ڈاون کو نافذ کرنے کا اعلان کیا اور ریاستی حکومتوں کو سختی سے اس پر عمل کرنے کی ہدایت دی۔