ریاست مہاراشٹر کے ممبئی میں بی جے پی کے سینئر رہنما اور حزب اختلاف کے رہنما دیویندر فڑنویس نے کہا ہے کہ 'ہندوتوا کا مطلب رواداری ہے۔'
دراصل بی جے پی کے سینئر رہنما کا یہ بیان سابق نائب صدر حامد انصاری کے اس بیان کے تناظر میں سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کے بحران سے قبل ہندوستانی معاشرہ دو وبائی امراض یعنی مذہبی تعصب اور جارحانہ فرقہ پرستی کا شکار ہوچکا ہے۔
سابق نائب صدر حامد انصاری کے بیان سے متعلق فڑنویس سے جب سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ'ہندوتوا کبھی بھی کٹر (نظریہ) نہیں رہا ہے۔ یہ ہمیشہ روادار رہا ہے۔ ہندوتوا اس ملک میں رہنے کا قدیم طریقہ ہے۔ ہندوؤں نے کبھی کسی ملک یا کسی بھی ریاست پر حملہ نہیں کیا۔ ہندو مذہب نے ہمیشہ رواداری کا درس دیا ہے اور اسی وجہ سے ہندوستان میں مختلف مذاہب اور ذات کے لوگ پر سکون طور پر رہ رہے ہیں۔'
واضح رہے کہ کانگریس کے رہنما ششی تھرور کی نئی کتاب 'دی بیٹل آف بیلونگنگ' کی ڈیجیٹل ریلیز کے موقع پر سابق نائب صدر حامد انصاری نے کہا تھا کہ 'کورونا بہت بڑی وبا ہے، لیکن اس سے پہلے ہمارا معاشرہ دو وبائی امراض کا شکار ہو چکا ہے، مذہبی تعصب اور جارحانہ قوم پرستی۔'
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 'حب الوطنی مذہبی بنیاد پرستی اور بنیاد پرست قوم پرستی سے زیادہ مثبت تصور ہے۔
واضح رہے کہ حامد انصاری کے بیان پر سوشل میڈیا پر تنقید کی جارہی ہے۔