ریاست مہاراشٹر کے ممبئی کے جے جے مارگ پولیس ٹیم نے ڈی کمپنی کے مفرور ملزم جعفر مچھی کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم جعفر مچھی پر علاقے میں ہونے والے ایک غیر قانونی تعمیرات کے دوران 16 برس کے بلال شیخ کی موت کا الزام ہے۔
جے جے مارگ پولیس تھانے نے جعفر مچھی کو کورٹ میں پیش کیا اور کورٹ نے اُسے پولیس تحویل میں بھیجنے کا حکم جاری کیا ہے۔ ممبئی پولیس کے ترجمان پرنے اشوک نے بتایا کہ ملزم کو پولیس حراست میں بھیج دیا گیا ہے اور اس سے اب مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ 16 برس کے بلال کی موت اسی غیر قانونی تعمیرات میں مزدوری کرنے کے دوران کرنٹ لگنے سے موت ہوگئی تھی۔
بلال کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ ملزمین نے بلال کو اسپتال میں علاج کے لیے منتقل کرنے کے بجائے قریب کے ہی ایک گودام میں منتقل کردیا تھا اور بعد میں اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں پر اس کی موت ہو گئی۔
بلال کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ اگر صحیح وقت پر بلال کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہوتا تو شائد اس کی جان بچائی جا سکتی تھی۔
پولیس نے اس معاملے میں ڈی کمپنی کے ممبر جعفر مچھی اور ذیشان شمشی کے خلاف چائلڈ لیبر اور غیر ارادتاً قتل کی دفعات کے تحت معاملہ درج تو کیا ہے جس کے بعد ملزمین نے گرفتاری قبل ضمانت کی عرضی کورٹ میں داخل کیا تھا جس کو کی کورٹ نے خارج کردیا تھا۔
اس معاملے میں دوسرے ملزم ذیشان شمشی کی ابھی تک گرفتاری نہیں ہوسکی ہے حالانکہ شمشی کی بھی گرفتاری قبل ضمانت کی عرضی خارج ہو چکی ہے۔