مہاراشٹر حکومت نے دسویں کے جغرافیہ کے پیپر کے ساتھ ساتھ نویں اور گیارہویں جماعت کے امتحانات منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ریاست میں کرونا وائرس کے معاملات میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے اسی کے پیش نظر ریاستی حکومت نے لاک ڈاون میں 30 اپریل تک توسیع کر دی ہے۔
مہاراشٹر محکمہ تعلیم نے دسویں جماعت کے جغرافیہ کے پیپر کے ساتھ ساتھ نویں اور گیارہویں جماعت کے امتحانات کے تعلق سے بڑا فیصلہ لیتے ہوئے امتحانات منسوخ کردیا ہے۔
اس ضمن میں دسویں کا جغرافیہ کا پیپر منسوخ کردیا گیا ہے جبکہ نویں اور 11 ویں جماعت کا امتحان نہیں لیا جائے گا۔
وزیر تعلیم ورشا گائیکواڑ کے مطابق 'طلباء کو ان کی سابقہ کارکردگی کی بنیاد پر اوسط مارکس دیتے ہوئے آگے کی جماعت کے لیے اہل قرار دیا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ محکمہ اسکول ایجوکیشن نے لیا ہے کیونکہ ریاست میں 30 اپریل تک لاک ڈاؤن رہے گا۔
وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ 'مہاراشٹر سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ آئندہ چند روز میں اپنے موقف کی وضاحت کریں گے ۔
واضح رہے کہ حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اسکول اور کالجز میں تعطیل کا اعلان کر دیا تھا جبکہ جس وقت لاک ڈاون کیا گیا اس وقت دسویں جماعت کا صرف جغرافیہ کا پیپر باقی تھا اور کہا جا رہا تھا کی یہ پیپر ہو جائے گا لیکن کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے معاملات کے بعد اب محکمہ تعلیم نے اسے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سے قبل کہا گیا تھا کہ دسویں کے امتحانات وقت پر ہونگے، 23 مارچ کو جغرافیہ کا پرچہ تھا جسے وزیر تعلیم ورشا گائیکواڑ نے 31 مارچ کے بعد لینے کے لیے کہا تھا۔