دنیا کے 180 ممالک میں پھیل چکے کورونا وائرس رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق اب تک اس خطرناک وائرس سے 11 ہزار سے زائد افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ تقریباً 276،479 افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں۔ جبکہ عوام بڑے شہروں سے بڑے پیمانے پر نقل مکانی کررہے ہیں۔
بھارت میں بھی کورونا وائرس پھیلتا جا رہا ہے اور اب تک اس سے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہی دیکھنے کو مل رہا ہے۔ پنجاب کے نواں شہر میں ایک شخص کی موت سے ملک میں کورونا وائرس سے کل چار افراد کی موت ہوچکی ہے۔ اس سے قبل کرناٹک، دہلی اور مہاراشٹر میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی تھی۔
سینٹرل ریلوے کے سینیئر پی آر او اے کے سنگھ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ' اس وبا کی خوف سے شمالی مشرق ریاستوں سے تعلق رکھنے والے بڑے پیمانے پر ممبئی چھوڑ رہے ہیں۔
عوام کی بھیڑ کے پیش نظر ریلوے انتظامیہ نے 12 خصوصی ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم بھیڑ اتنی زیادہ ہےکہ اضافی ٹرین چلانے کے باوجود بھیڑ میں کوئی کمی نہیں دیکھی جارہی ہے۔ مزید ہمیں امید ہے کہ روزانہ کی ٹرین اور خصوصی ٹرین کے ذریعے اس بھیڑ پر قابو پایا جا سکتا ہے۔'
اس ضمن میں عوام کا کہنا ہے کہ' نہ جانے کب شہر کو مکمل طور پر بند کردیا جائے ایسے میں ضروری ہے کہ وقت رہتے ہی اپنے آبائی وطن جانا زیادہ مناسب ہے'۔