ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی سے متصل صنعتی شہر بھیونڈی میں پابندی کے باوجود بازی لگا کر بھینسوں کی لڑائی منعقد کرنے والے منتظمین اور مالکان کے خلاف پولیس کارروائی کرنے کی تیاری کررہی ہے۔
جانوروں کی مذکورہ لڑائی یوم آزادی کے موقع پرمضافات کے سوپے گاؤں میں واقع نیوانگلش میڈیم اسکول کی خالی زمین پر غیر قانونی طریقے سے منعقد کرایاگیا تھا۔
جس میں دس ہزار روپے کی بازی لگاکر بھینسوں کی لڑائی کا اہتمام کیا گیا تھا۔
جانوروں کی فلاح کے لئے کام کرنے والی تنظیموں نے اس طرح بے زبان جانوروں کے درمیان معرکہ کرانے والے منتظمین اور بھینسا مالکان کے خلاف مقدمہ درج کرکے سخت قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اطلاع کے مطابق بھینسا مالکان نے اسکول کے صحن میں چل رہے طلباء کے پروگرام کے دوران غیر قانونی طریقے سے بھینسوں کی لڑائی کا بھی پروگرام کا انعقاد کیا۔
جس میں بھینسا مالک راکیش پاٹل اور رام وجے بھوئر سمیت آن گاؤں کے سنتوش کاشی ناتھ بھوئرنے حصہ لیا تھا۔
اس بابت گنیش پوری پولیس اسٹیشن کے پولیس انسپکٹر ویشال وائکرنے بتایا کہ انہیں غیر قانونی طریقے سے بھینسوں کی لڑائی کا کھیل کو منظم کرنے کی معلومات حاصل ہوئی ہے۔
اس معاملے کی تحقیقات کر کے قصورواروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔