کابینی وزیر نے گاؤں کا جائزہ لینے کے بعد کہا کہ' سمندری طوفان 'نسرگ' نے سب سے زیادہ پونے ضلع کے ملشی تعلقہ کو نشانہ بنایا جو کوکن کے سرحدی علاقوں میں سے ایک ہے'۔
اس طوفان نے ملشی تعلقہ کے مغربی حصے کے متعدد دیہاتوں میں مکانات، درختوں اور بجلی کے کھمبوں کو شدید نقصان پہنچایا لہذا اس وقت پورا تعلقہ اندھیرے میں ہے۔
اسلم شیخ نے کہا کہ' مہاوکاس آ گھاڈی حکومت کے ایک ذمہ دار وزیر کی حیثیت سے میں بھامبرڈے گاؤں آیا ہوں۔ سمندری طوفان نے لوگوں کے گھروں کی چھتوں کو اڑا دیا ہے۔
ہم نے انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ جلد سے جلد گھروں پرچھتیں لگائیں تاکہ لوگ اپنے گھروں میں رہ سکیں۔ انتظامیہ کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بجلی کی فراہمی بحال ہونے تک مٹی کا تیل فراہم کریں تاکہ گھروں میں اندھیرہ نہ رہے نیز لوگوں کو کھانے کی کٹس بھی مہیا کردی گئی ہیں۔
طوفان نے بجلی کے کھمبوں کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ضلع کلکٹر انتظامیہ بجلی کی فراہمی کی بحالی کے لئے جنگی پیمانے پر کام کررہی ہے۔
اُنہوں نے آخر میں کہا کہ نسرگ طوفان سے متاثرہ لوگوں کی باز آبادکاری کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے لوگوں کے نقصانات کا پنچ نامہ ہونے کے بعد حکومت امدادی پیکیج کا اعلان کریگی۔