ریاست اترپردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل نے مرادآباد کے تحصیل صدر میں پہنچ کر سب سے پہلے تحصیل میدان میں پودا لگایا۔
اس کے بعد اعلی افسران کی ایک میٹنگ کے دوران لوگوں کی شکایتیں سنیں اور ان کو جلد حل کرنے کا وعدہ کیا۔
آج سمپورن سمادھان دن تھا اس موقع پر لوگ اپنی شکایات لے کر تحصیل میدان پہنچے تھے۔ حالانکہ اس دوران میڈیا کو اندر جانے نہیں دیا گیا اور نہ ہی میڈیا سے بات چیت کی گئی، صبح سے ہی ضلع انتظامیہ سختی کے ساتھ مستعد نظر آیا۔
وہیں آنندی بین پٹیل نے 'ایک ضلع-ایک صنعت' پروگرام کے تحت پیتل صنعتکاروں سے بھی ملاقات کی، اور پیتل سے بنے سامانوں کا جائزہ بھی لیا۔
اس دوران انہوں نے پیتل سے بننے والے سامان کی مکمل معلومات بھی حاصل کی۔ ساتھ ہی پیتل کے میدان میں نمایاں کام کرنے والے لوگوں کو انعامات سے بھی نوازا۔
غورطلب ہے کہ اترپردیش کا شہر مرادآباد عالمی سطح پر پیتل کے برتن کے لیے مشہور ہے۔ کہا جاتا ہے کہ مرادآباد جیسا پیتل کا برتن کہیں اور نہیں بنتا۔