نوٹس میں کہا گیا ہے کہ' 15 دن کے اندر آپ ریزارٹ سے اپنا قبضہ خالی کر دیں نہیں تو آر ڈی اے ضلع انتظامیہ کی مدد سے ریزارٹ کو منہدم کرائے گا۔
سیتاپور جیل میں اپنی اہلیہ اور بیٹے کے ساتھ قید رامپور کے رکن پارلیمان اعظم خاں کی مشکلیں کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ اعظم خاں کی اہلیہ ڈاکٹر تزئین فاطمہ اور بیٹے عبداللہ اعظم کے نام ہم سفر ریزارٹ رامپور میں یونیورسٹی روڈ پر واقع ہے۔ آج رامپور ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے ہم سفر ریزارٹ کے مالکان کے نام نوٹس جاری کرکے کہا ہے کہ آپ 15 دن میں ہم سفر ریزارٹ سے اپنا قبضہ خالی کر دیں۔ نہیں تو 15 دن بعد آر ڈی اے ضلع انتظامیہ کی مدد سے ہم سفر ریزارٹ کو منہدم کرنے کی کارروائی کرے گا۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی اعظم خاں کے ہم سفر ریزارٹ پر آر ڈی کی جانب سے کارروائی کی جا چکی ہے۔ گذشتہ برس 16 اگست 2019 کو آر ڈی اے نے ہم سفر ریزارٹ کے پیچھے کی تقریباً ایک ہزار میٹر کی دیوار پر بلڈوزر چلواکر منہد کرا دیا تھا۔ بتایا گیا تھا کہ اس کی دیورا سرکاری زمین پر بنائی گئی ہے۔ اب آر ڈی اے نے ہم سفر ریزارٹ کی تعمیر شدہ عمارت کے بیشتر حصہ کو سرکاری اراضی قرار دیا ہے۔ اعظم خاں پہلے ہی سیتاپور جیل میں قید ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ اعظم خاں کی جانب سے اس نوٹس کا کیا جواب دیا جاتا ہے۔'