ریاست اترپردیش کے شہر مرادآباد میں ایک بڑا حادثہ ہونے سے بچ گیا۔ ایک نوجوان کو جب بوتل میں پیٹرول دینے سے منع کیا گیا تو اس نے دوسرے پیٹرول پمپ سے بوتل میں پیٹرول لاکر پیٹرول پمپ ملازم کے اوپر انڈیل کر جلانے کی کوشش کی، وہاں موجود ایک شخص نے بوتل چھین کر پھینک دیا، اس طرح ایک بڑا حادثہ ہونے سے بچ گیا۔
یہ پورا واقعہ سی سی ٹی وی میں قید ہوگیا۔ پیٹرول پمپ کے اہلکاروں نے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس نے نوجوان کو گرفتار کر لیا۔
یہ معاملہ 3 جنوری کا ہے، جو مرادآباد کے سیول لائن علاقہ کے ہرتھلا شری سائیں فیلنگ اسٹیشن پر پیش آیا۔ ملازم شمشاد اور رام رتن گاڑیوں میں پیٹرول ڈال رہے تھے، کہ اچانک ایک شخص بائک سے آیا اور اس نے بوتل میں پیٹرول مانگا، ملازمین اعلی افسران کا حوالہ دیتے ہوئے انکار کر دیا۔
اس بات کو لے کر نوبت مار پیٹ پر آگئی، دوسرے لوگوں نے بیچ بچاؤ کرکے دونوں کو ہٹایا، جس کے بعد نوجوان چلا گیا۔
دس منٹ کے بعد وہ نوجوان بوتل میں پیٹرول لےکر واپس آیا اوربوتل رام رتن اور شمشاد کے اوپر ڈال کر آگ لگانے کی کوشش کی۔
یہ دیکھ کر دوسرے افراد آگئے اور نوجوان کو پکڑ لیا۔ پولیس کو اطلاع دے کر اس شخص کو گرفتار کرایا گیا پولیس نے جان سے مارنے کی دفعات کے مقدمہ درج کرلیا ہے۔
گذشتہ دنوں ہوئے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مظاہرے کو لےکر پولیس مستعد ہے، اور پیٹرول پمپ کے ذمہ داران کو احکام جاری کیے گئے ہیں کہ کسی بھی حالت میں پیٹرول بوتل میں نہ دیا جائے اگر کسی نے حکم عدولی کی تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔