شمال بھارت میں شدید سرد موسم کی وجہ سے لوگوں کے معمولات زندگی درہم برہم ہوگئی ہے۔ اس شدید سرد موسم سے راحت پانے کے لیے جہاں لوگ الاؤ جلاتے ہیں وہیں متعدد مقامات پر میونسپلٹی کی جانب سے راہ گیروں کو راحت پہنچانے کے لیے راستے میں جگہ جگہ کچھ لکڑی کا بندوبست بھی کیا جاتا ہے تاکہ راہ گیروں کو ٹھنڈ سے بچایا جاسکے۔
ریاست اترپردیش کے ضلع مرادآباد میں لوگ ٹھنڈ سے بچنے کے لیے کوڑا کرکٹ جلا رہے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ نگر نگم کی جانب سے ہر برس شدید ٹھنڈ میں لکڑی کا انتظام کیا جاتا ہے لیکن اس برس ابھی تک اس کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا ہے۔
مراد آباد میں ریلوے اسٹیشن ہو یا بس اسٹاپ نگر نگم کی طرف سے الاؤ کا انتظام ابھی تک نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے راہ گیروں کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جہاں کچھ لوگ ٹھنڈ سے بچنے کے لیے لحافوں کا استعمال کر رہے ہیں تو وہیں دوسرے غریب لوگ حکومت کی جانب سے جلائے جانے والے الاؤ کا انتظار کر رہے ہیں۔