ریاست اتر پردیش کے ضلع مرادآباد میں ڈی ایم دفتر کے باہر احتجاج کرتے ہوئے 'اترپردیش کسان سبھا مرادآباد' یونٹ کے کارکنان اور عہدیداران نے ڈی ایم شلیندر کمار سنگھ کے ذریعہ وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو ایک میمورنڈم بھیجا۔
کارکنان نے اس میمورنڈم کے ذریعہ یوگی آدتیہ ناتھ سے مطالبہ کیا کہ مسلسل بارش کے سبب سیلابی صورتحال پیدا ہوجانے سے کسانوں کی کھیتی کو نقصان پہنچا ہے، اس کا معاوضہ حکومت کو دینا چاہئے۔
میمورنڈم دینے پہنچے 'اترپردیش کسان سبھا مرادآباد' کے عہدیداران نے میڈیا سے بتایا کہ 'کسانوں کو کم قیمت میں بجلی فراہم کی جائے، کھاد اور کھیتی سے متعلق آلات سستے داموں پر دیا جائے اور کسانوں کا قرض معاف کیا جائے۔
- مزید پڑھیں: کسان، نوجوان، غریب، تاجر سبھی پریشان: اکھلیش
اتر پردیش کسان سبھا کے ضلعی صدر منوج رستوگی نے کہا کہ 'حکومت ایسی ہونی چاہیے جو عوام کا بھلا کرسکے آپسی بھائی چارہ اور اتحاد کو قائم رکھے۔ ہندو مسلم کے درمیان انتشار کی باتیں نہ کرے لیکن افسوس اس حکومت نے تو لوگوں سے روزگار چھین لیا اور نوٹ بندی اور جی ایس ٹی لاکر ملک کو تباہی کی جانب ڈھکیل دیا ہے'۔