ریاست اترپردیش کے ضلع رامپور میں دو بالغ لڑکیاں شادی شدہ جوڑے کی طرح ایک ساتھ رہنے کی ضد پر قائم ہیں، اطلاع کے مطابق ایک لڑکی رامپور ضلع کے تھانہ پٹوائی علاقہ کی جبکہ دوسری تھانہ ملک علاقہ کی رہنے والی ہے۔
یہ دونوں لڑکیاں رامپور کی کسی کالونی میں کرائے پر کمرہ لیکر شادی شدہ جوڑے کی طرح رہ رہی تھیں، جن میں ایک لڑکی شہر کی کسی موبائل شاپ پر کام کرتی ہے اور دوسری کسی بیوٹی پارلر پر کام کرتی ہے۔
دونوں رامپور میں کافی عرصہ سے رہ رہی تھیں، آج ان لڑکیوں نے 112 نمبر پر فون کرکے پولیس کو بلایا اور کہا کہ انہیں ان کے اہل خانہ دھمکیاں دے رہیں اور گھر واپس آنے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں، جبکہ وہ ایک ساتھ رہنا چاہتی ہیں۔
تھانہ پٹوائی کے انچارج منوج کمار نے بتایا کہ دونوں لڑکیاں شادی شدہ جوڑے کی طرح رہنے کے لیے بضد ہیں، دو ڈھائی گھنٹہ سمجھانے کے بعد ان دونوں کو بالغ ہونے کی وجہ سے قانون کا حوالہ دیکر پولیس بھی خاموش ہوگئی اور ان دونوں کو رامپور شہر بھیج دیا گیا۔