ریاست اترپردیش کے ضلع بہرائچ میں لاک ڈاؤن کے دوران تبلیغی جماعت سے وابستہ ہونے کے پاداش میں گرفتار کیے گئے 17 غیر ملکی شہریوں کو تقریباً تین مہینے کے بعد آج ان کو رہا کردیا گیا،
واضح رہے کہ ان 17 غیرملکی شہریوں کے خلاف بہرائچ کے کوتوالی (شہر) میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ پورے ملک میں 25 مارچ سے لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا، اس دوران باہر سے آئے 21 افراد محلہ بشیر گنج کے قریشی اور ستی کواں کے تاج مسجد میں مقیم تھے۔
پولیس نے مزید کہا کہ کوتوالی نگر پولیس نے ان 17 غیرملکیوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں جیل بھیج دیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ان افراد میں چار مقامی افراد بھی تھے، جنہیں فوراً ضمانت مل گئی تھی، جب کہ وہیں 17 غیر ملکی شہریوں کو جیل میں قید کردیا گیا تھا۔
جس کے بعد اب جاکر تین ماہ بعد ان کی ضمانت کی عرضی چیف جوڈیشیل افسر نے منظور کرلی۔
سپرنٹنڈنٹ آف جیل اے این ترپاٹھی نے بتایا کہ عدالت نے انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا فیصلہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس رہائی کا حکم نامہ آگیا ہے، اس لیے سبھی 17 غیر ملکی افراد کو رہا کردیا گیا ہے۔