ریاست اترپردیش کے ضلع سنبھل کے قصبہ سرسی سادات میں قدیم عزا خانہ کلاں غربی میں ہر سال کی طرح اس سال بھی سقائے سکینہ باب المراد حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کے یومِ ولادت پر رات 8 بجے ثامؔن سرسوی کی جانب سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا Hazrat Abbas Birth Anniversary Celebrated in Sambhal۔
تقریب میں ہندوستان کے مشہور و معروف شعراء کو مدعو کیا گیا۔ تقریب کا آغاز آفتاب سرسوی نے حدیثِ کساء سے کیا اور نعتِ سرورِ کونین شوبؔی سرسوی نے پڑھی۔ اس کے بعد باہر سے آئے شعراء نے اپنے اپنے کلام پیش کیے جس پر سامعینِ سرسی نے ہر شاعر کو داد و تحسین سے نوازا۔
باہر سے آئے ہوئے شعرا میں شہزادہ گلریز رامپوری، سَروَر نواب لکھنوی، سُرُور لکھنوی، خادم شَبّیری نصیرآبادی، نجف اترولوی، آغا سروش حیدرآبادی، محب مورانوی، اسد شاکری، روشن بنارسی وغیرہ نے شرکت کی۔ حضرت عباس علیہ السلام 4 شعبان 26ھ کو مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے۔ آپ امام علی علیہ السلام کے بیٹے تھے۔ آپ کی والدہ کا نام ام البنین سلام اللہ علیہا تھا جن کا تعلق عرب کے ایک بہادر خانوادے سے تھا۔
حضرت عباس اپنی بہادری اور شیر دلی کی وجہ سے بہت مشہور ہوئے۔ اپنے بھائی امام حسین علیہ السلام کے ساتھ ان کی وفاداری واقعہ کربلا کے بعد ایک ضرب المثل بن گئی۔ آپ شہنشاہِ وفا کے طور پر مشہور ہیں۔
شرکا نے کہا کہ اطاعتِ امام اور وفا اگر کوئی سیکھنا چاہے تو اسے وفا کے علمبردار حضرت عباس علیہ السلام سے ہی سیکھنا چاہیے۔