ریاست اترپردیش کے شہر رامپور میں جاری ہنر ہاٹ میں گذشتہ شب کل ہند مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا، جس کی نظامت کا فریضہ کوی گجیندر سولنکی نے انجام دیا۔ مشاعرے میں عالمی شہرت یافتہ شعراء کرام نے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا، مشاعرے میں بڑی تعداد میں سامعین نے شرکت کرکے شعراء کو اپنے داد و تحسین سے نوازا۔
ادیبوں کی سرزمین رامپور میں منعقدہ مشاعرے میں جہاں شعراء حضرات اپنے کلام سے ماحول کو خوشگوار بنا رہے تھے تو وہیں دوسری جانب سامعین بھی شعر و سخن کی گہرائیوں کو سمجھتے ہوئے اس پر داد و تحسین پیش کر رہے تھے۔
قومی یکجہتی کی فضاء کو قائم رکھنے کے مقصد سے منعقدہ اس مشاعرہ میں تمام شعراء نے ملک کے موجودہ نفرت آمیز حالات پر زبردست شاعری کے تیر و نشتر چلائے اور اپنی شاعری سے ملک کی گنگا جمنی تہذیب کو اجاگر کیا۔
اس موقع پر خصوصی طور پر ڈاکٹر نکہت امروہی، عالمی شہرت یافتہ مزاحیہ شاعر پاپولر میرٹھی، ڈاکٹر انامکا امبر، منظر بھوپالی اور سنیل جوگی نے اپنے خوبصورت کلام پیش کیے۔
قابل ذکر ہے کہ وزارت اقلیتی امور کی جانب سے ادبی شہر رامپور میں منعقدہ اس کل ہند مشاعرہ میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ رامپور کے کسی ایک بھی شاعر کو مدعو نہیں کیا گیا۔