بابا امرناتھ درشن کے لیے یاترا جولائی کے تیسرے ہفتے سے شروع ہو رہی ہے۔ 21 جولائی سے شروع ہو رہی یاترا کے لیے ہر روز 500 عقیدتمندوں کے قافلے کو کووڈ۔ 19 ٹیسٹ کے بعد روانہ کرنے کی اجازت دی گئی ہے، اسی طرح عید الاضحٰی کے موقع پر عید گاہ اور مساجد میں عید کی نماز ادا کرنے کی اجازت دیے جانے کا مطالبہ جمعیت علماء ہند نے کیا ہے۔
جمعیت علماء ہند شہر میرٹھ کے ایک وفد نے ڈی ایم سے ملاقات کرکے عید الاضحٰی کی نماز اور قربانی کے جانوروں کے لیے بازار کھولنے کی اجازت کا مطالبہ کرتے ہوئے ڈی ایم کے ذریعہ مرکزی اور صوبائی حکومت کو میمورنڈم پیش کیا۔
واضح رہے کہ اس امسال عید الاضحٰی کا تہوار 31 جولائی اور آگے کی تاریخوں میں منایا جائے گا۔ یو پی میں ہفتے کے آخری دو دنوں میں مکمّل لاک ڈاؤن کا نفاذ عمل میں لایا جا رہا ہے ایسے میں عید الاضحٰی کے موقع پر نماز اور قربانی کے اہتمام کے ساتھ قربانی کے گوشت کی تقسیم میں بھی دشواری پیش آئیگی، ان تمام پریشانیوں کو دھیان میں رکھتے ہوئے جمعیت علماء ہند نے ضلع انتظامیہ اور حکومت سے رعایت کی اپیل کی ہے۔
امرناتھ یاتریوں کو درشن کے لیے دی جا رہی اجازت کی طرز پر مساجد میں نماز اور قربانی کے اہتمام کے لیے اجازت کا مطالبہ کر رہی جمعیت علماء ہند کا یہ بھی کہنا کہ عید الاضحٰی کے موقع پر ہفتے کے دو دنوں میں ہونے والے لاک ڈاؤن کے دوران بھی رعایت دی جائے تا کہ وه قربانی کے گوشت كو غریبوں میں تقسیم کر سکیں۔'