ریاست اترپردیش میں کورونا انفیکشن کے مثبت کیسز میں اضافے کی ایک وجہ بڑے پیمانے پر کی جا رہی ٹیسٹنگ کو بتایا جارہا ہے لیکن ابھی بھی ٹیسٹنگ کا یہ دائرہ کچھ اسپتالوں اور علاقوں تک ہی محدود ہے لیکن شہر کے پچھڑے علاقوں میں کورونا ٹیسٹنگ مہم ناکافی ثابت ہو رہی ہے۔
مغربی اترپردیش کے ضلع میرٹھ میں کورونا مثبت مریضوں کی تعداد میں گزشتہ دنوں میں غیر معمولی طور پر اضافہ ہوا ہے اور مریضوں کی تعداد ساڑھے تین ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔
حکومت کی ہدایت کے مطابق ضلع انتظامیہ اور محکمہ صحت نے ٹیسٹنگ کے دائرے کو بڑھانے کی کوششیں تیز کر دی ہے لیکن شہر کے پسماندہ علاقوں میں اس کا اثر دیکھنے كو نہیں مل رہا ہے، وہیں كاروباری طبقہ جہاں بازاروں میں احتیاط تو برت رہے ہیں لیکن عوام كورونا وائرس کے خطرے سے ابھی انجان بنی ہوئی ہے اور انفیکشن سے بچاؤ میں بے احتیاطی برت رہی ہے۔
محکمہ صحت اور ضلع انتظامیہ کی ان کوششوں کا دائرہ ابھی بھی محدود نظر آرہا ہے اور خاص طور پر شہر کے پچھڑے اور اقلیتی آبادی والے علاقوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی اس لاپرواہی کا اثر خطرناک ہو سکتا ہے۔
چیف میڈیکل افسر کا بھی کہنا ہے کہ شہر میں کورونا انفیکشن کے کمیونیٹی ٹرانسفر کے خطرے سے نمٹنے کے لیے ٹیسٹنگ کا دائرہ بڑھایا جانا ضروری ہے۔