محض 2 ہزار روپیے کی اُجرت پر ملازمت کرنے والی کنٹریکٹ ملازمین آشا ہیلتھ ورکرز کام کے اضافی بوجھ کے باوجود کام کے مطابق اجرت حاصل نہ ہونے سے پریشان ہوکر احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔
حکومت کی بے رخی کا شکار یہ ملازمین اب اپنے مطالبات کو لیکر میرٹھ کے ضلع کلکٹریٹ آفس پر حکومت کے خلاف اپنی ناراضگی ظاہر کر رہی ہیں۔ کورونا ٹیکہ کاری مہم سروے سے لیکر کووڈ مریضوں کا گھر گھر سروے کی خدمات انجام دینے کے باوجود آشا ورکرز کو اسکے لیے اُجرت نہیں دی جا رہی ہے۔
بہت کم اجرت پر خدمات انجام دینے کے باوجود ان کو کسی طرح کی سہولت نہ حاصل ہونے سے ناراض میرٹھ کی سینکڑوں آشا ورکرز اب کام بند کرکے احتجاج کرنے کو مجبور ہیں آشا ملازمین نے یو پی حکومت پر وعدہ خلافی کا الزام لگاتے ہوئے اپنی ناراضگی ظاہر کی۔
ان کی مانگ ہے کہ ان کو سرکاری ملازمین کی طرز پر ان کی سیریز مقرر کرنے کے ساتھ ان کا انشورنس بھی کرایا جائے تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچ سکے۔
کام کے اضافی بوجھ کے باوجود وقت پر اُجرت نہ ملنے سے پریشان سینکڑوں آشا ورکرز کا کہنا ہے کہ یوگی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد جو وعدے کیے گئے تھے ہم ان کو یاد دلا رہے ہیں۔ ضرورت ہے حکومت کو ان ہیلتھ ورکرز کی مشکلات کو کم کرنے کا کوئی راستہ تلاش کرنے کی تاکہ یہ ملازمین بھی پھر سے اپنے کام پر لوٹ سکے۔