ریاست اترپردیش کے ضلع میرٹھ میں گذشتہ تین دنوں میں کورونا انفیکشن کے ساٹھ سے زیادہ معاملے سامنے آنے کے بعد محکمہ صحت سے لےکر ضلع انتظامیہ اور شہر کے عام لوگوں کی بےچینی بڑھ گئی ہے۔
میرٹھ کی نوین منڈی سے کورونا انفیکشن کے 25 سے زائد معاملے ملنے کے بعد محکمہ صحت اور ضلع انتظامیہ انفیکشن کے کمیونیٹی ٹرانسفر کے بڑھتے خطرے سے پریشان ہے۔
میرٹھ میں کورونا انفیکشن کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل غیر معمولی اضافے کے بعد ضلع انتظامیہ نے نئی حکمت عملی کے تحت کام کرنا شروع کیا ہے۔
خاص طور پر نوین منڈی کو دو روز کے لیے مکمّل طور پر بند کر دیا گیا ہے اور منڈی کے لیے نئی جگہ تلاش کی جا رہی ہے، منڈی میں اشیاء کی سپلائی اور خرید و فروخت کے اوقات میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔
شہر کے ہاٹ اسپاٹ اور کینٹو مینٹ زون میں مزید سختی برتنے کا حکم دیا گیا ہے، حالانکہ غلے کی سرکاری خریداری اور تعمیری سرگرمیوں میں شرائط کے ساتھ کچھ رعایت ضرور دی گئی ہے۔